نیو یارک: پاکستان کی دعوت پر بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس منعقد کی گئی ہے جس میں کینیڈا اور قطر سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی دعوت پاکستان کے مستقل مشن نے دی جبکہ کانفرنس میں چیک ری پبلک، کینیڈا اور قطر سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے دنیا کو درپیش مسائل کے حل پر بات چیت کی۔
معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہ کیا گیا،عمران خان
وزرائے خارجہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کو آئندہ نسلوں کیلئے مساوی معاشی حقوق کی جدوجہد کرنی ہے۔ دنیا کے ممالک مل جل کر امن و ترقی سے متعلق چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں۔
کانفرنس کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنی اپنی آراء بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں۔ خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کا مقصد مستقبل کے لائحۂ عمل کا تعین کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں جاری اجلاس میں شرکت اور خطاب کیلئے نیو یارک میں موجود ہیں۔ خطاب کے دوران پاکستان میں سیلاب سے درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی۔
اس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی نیو یارک پہنچے اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری کا عالمی کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان کو سیلاب کے باعث بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔