کراچی پولیس نے ناظم آباد سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے کمسن بھائی اور بہن کی تلاش شروع کردی ہے۔ دونوں گزشتہ شب سے گھر سے غائب ہیں۔
نجی ٹی وی (ڈان نیوز) کے مطابق کمسن بچوں کی پراسرار گمشدگی کی اطلاع ان کے ماموں راشد نے پولیس کو دی۔ ایان اور انابیہ رات کو 11 بج کر 50 منٹ پر گھر سے نیچے اتر گئے تھے۔ راشد کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود داد رسی نہیں ہوئی۔
ایس ایچ او حیدری تھانہ کا کہنا ہے کہ دونوں بچے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد، بلاک ایچ سے لاپتہ ہوئے، پولیس نے بچوں کی تلاش کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مقدمہ بھی جلد درج کریں گے۔
لاپتہ ہونے والے بچوں میں سے محمد ایان کی عمر 12 سال جبکہ انابیہ ناز کی 11 سال ہے جو 12 مارچ کو نارتھ ناظم آباد، بلاک ایچ سے لاپتہ ہوئے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اہلِ خانہ نے بچوں کے متعلق اطلاع دینے کیلئے رابطہ نمبر بھی دے دیا۔
URGENT: MISSING KIDS ALERT
Names: Muhammad Ayan (Age 12) & Anabiya Naz (Age 11)
Missing Since: 12th March 2024
Time: 11:50 PM
Last Seen: Donisl Street, 5 Star Chowrangi, North Nazimabad Block H Karachi
Family Contact: 03422760788 347 3771378 pic.twitter.com/aJXkhhVx8h— Karachi Alerts (@Khi_Alerts) March 13, 2024
دوسری جانب لاپتہ بچوں کی والدہ نے سوشل میڈیا صارفین سے بچوں کی تلاش میں مدد مانگتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو ہر جگہ تلاش کیا، تاہم ابھی تک ان کا کچھ پتہ نہیں۔ اگر کسی کو کوئی اطلاع ملے تو ہمیں ضرور بتائیں۔
انابیہ اور ایان کے والد کا کہنا ہے کہ انہیں سحری کے وقت پتہ چلا کہ بچے گمشدہ ہوچکے ہیں۔ بچوں کے والد اور والدہ کے مابین 8سال قبل علیحدگی ہوچکی ہے۔ والدہ دبئی میں ملازم ہیں جبکہ بچے اپنے ماموں کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر تھے۔