کراچی: سندھ حکومت نے حضرت علی کرم اللہ وجہ کے یومِ شہادت کے موقعے پر شہرِ قائد سمیت صوبے بھر میں صبح 6 بجے سے دن 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے جس کے دوران شہریوں کی ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے۔
صوبائی حکومت نے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ صوبہ سندھ میں تمام مارکیٹس لاک ڈاؤن کے دوران مکمل طور پر بند رہیں گی۔ جبکہ اس دوران میڈیکل اسٹورز اور کھانے پینے کی دکانیں بھی مکمل طور پر بند رہیں گی۔
سندھ حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں نمازِ جمعہ پر بھی گزشتہ ہفتوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پابندی عائد کردی جبکہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، نجی دفاتر اور ذرائع آمدورفت بھی معطل کردئیے گئے ہیں۔
حکام نے عوام کو لاک ڈاؤن کے دوران گھر پر رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مشکل سے بچا جاسکے، بغیر کسی معقول وجہ کے گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کی صوبائی حکومت نے یومِ علی ؑ کے موقعے پر ہر قسم کے جلوس پر پابندی عائد کردی تاہم امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس کی مشروط اجازت دی گئی۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں حکومتِ پنجاب نے رمضان کے آخری عشرے اور یومِ علی ؑ کے موقعے پر صوبے میں ہر قسم کے جلوس پر پابندی عائد کردی جس میں حضرت علی کرم اللہ وجہ کے یومِ شہادت کے موقعے پر نکلنے والے جلوس اور سیاسی جلسے بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں یومِ علیؑ کے موقعے پر جلوسوں پر پابندی عائد