اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن پر کہا ہے کہ ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں ہیں، خدانخواستہ عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہوجائے، نتیجہ آپ بھگتیں گے اور کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کیں اور اس موقع پر ہاتھاپائی بھی ہوئی۔
پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا، میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔
رد عمل کااظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ ہارے ہوئے لوگ ہیں، شکست ان کا مقدر ہے،یہ فساد چاہتے ہیں، جس طرح یہ کررہے ہیں،ملک خانہ جنگی کی طرف جائیگا۔
ہمیں اپوزیشن اراکین کی زندگی عزیز ہے۔انہوں نے کہاکہ ان لوگوں نے پولیس پر تشدد کیا ہے، پولیس کی گاڑیوں کی ہوا نکال دی ہے،ہم چاہتے ہیں معاملہ پر امن طریقے سے حل ہو۔
مزید پڑھیں: کارکنان ملک بھر میں احتجاج کریں اور سڑکوں کو جام کر دیں،مولانا فضل الرحمان