لاہور: ڈرامہ سیریل پھانس کی اداکارہ یشما گِل نے جنسی زیادتی سے متاثرہ افراد کو خاموشی توڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک کہانی سنائی ہے جس کا مقصد ایسے افراد کی جرم کے خلاف کھڑے ہونے کیلئے حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ یشما گِل نے اپنی ایک تازہ ترین ویڈیو میں جنسی زیادتی کا شکار افراد کیلئے رقص کی صورت میں کہانی سنائی اور حقیقی زندگی میں ایسے افراد کو زبان کھولنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ اداکارہ یشما گِل کا ڈرامہ پھانس بھی جنسی زیادتی کے جرم کی شکار خاتون کے متعلق ہے۔
پھانس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی خاتون انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد کرتی ہے۔ ڈرامے میں اب اور خاموش نہیں رہ سکتے کے الفاظ سے یہ کہنے کی کوشش کی گئی ہے کہ معاشرے کو بھی جنسی زیادتی کا شکار افراد کی لب کشائی کیلئے گنجائش پیدا کرنا ہوگی تاکہ ان پر یقین کیا جاسکے۔
حال ہی میں اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کے ذریعے دئیے گئے پیغام میں اداکارہ یشما گِل نے کہا کہ جب میں نے ڈرامہ سیریل پھانس کے پراجیکٹ پر دستخط کیے تو مجھے معلوم تھا کہ میں معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتی ہوں۔ میں چاہتی تھی کہ معاشرے کی موجودہ روایتی سوچ میں ایک نیا نظریہ پیدا کیا جائے۔
پیغام میں اداکارہ یشما گِل نے کہا کہ معاشرتی نظام جنسی زیادتی کے کلچر کو فروغ دینے کا باعث بن رہا ہے۔ میں چاہتی تھی کہ جنسی زیادتی سے متاثرہ لوگوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کروں جس کے ذریعے وہ ملک کو سمجھا سکیں کہ اذیت ناک جرم کے شکار افراد پربے جا الزام تراشی بند ہونی چاہئے۔
ڈرامہ سیریل پھانس سے متاثرہ ویڈیو میں اداکارہ یشما گِل اور طلال رحمان نے رقص کے ذریعے جنسی زیادتی کے متاثرہ افراد کو زبان دینے کی کوشش کی ہے۔ ویڈیو میں ڈرامہ سیریل پھانس کے ٹائٹل کیلئے گائے گئے گیت کو پس منظر کی موسیقی کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔
یشما گِل نے کہا کہ میں جنسی زیادتی کا شکار افراد کیلئے آپ کو آگے آنے کی دعوت دیتی ہوں کہ اپنا پیغام ارسال کریں اور کسی بھی دستیاب پلیٹ فارم سے اس جرم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ جو لوگ ایسا نہیں کرسکتے وہ ذاتی طور پر مجھ سے ملاقات کریں جبکہ میں پوری کوشش کروں گی کہ ان کی آواز سنی جائے۔
جنسی زیادتی سے متعلق کہانی پر مبنی ڈرامہ سیریل پھانس میں زارا نور عباس، یشما گِل، سمیع خان اور شہزاد شیخ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ علی طاہر، ارجمند رحیم، زین افضل اور دیگرفنکار سپورٹنگ کرداروں میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم منیر بولڈ لباس پہن کر مداحوں سے بات کرنے پر تنقید کی زد میں آگئیں