بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ یامی گوتم کو ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ) نے فیما (فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ) کی خلاف ورزی پر تحقیقات کیلئے ایک بار پھر طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یامی گوتم سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی غیر قانونی طور پر منتقلی کے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ کا کہنا ہے کہ پیسوں کا لین دین بھارتی فنکارہ کے ذاتی اکاؤنٹ سے ہوا۔
ذاتی اکاؤنٹ سے لین دین سے قبل یامی گوتم نے مجاز حکام کو آگاہ نہیں کیا جس پر بدھ کے روز بھارتی فلموں کی چوٹی کی ہیروئن کو تحقیقات کیلئے طلب کر لیا گیا جبکہ یہ طلبی دوسری بار ہوئی ہے۔
پہلی بار بھارتی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے یامی گوتم کو گزشتہ برس طلب کیا تھا لیکن بھارتی فنکارہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ای ڈی آفس پہنچنے اور تحقیقات میں تعاون کرنے میں ناکام رہیں۔
ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ) نے یامی گوتم کے خلاف تحقیقات اس وقت شروع کیں جب غیرقانونی لین دین ادارے کے علم میں آیا جس پر ایک بنیادی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں غیر قانونی طور پر کیے جانے والے مالی لین دین میں یامی گوتم کا ذاتی اکاؤنٹ ملوث پایا گیا۔ یامی گوتم کے علاوہ بالی ووڈ کے دیگر ستارے بھی ای ڈی کے ریڈار پر آچکے ہیں۔
یامی گوتم بالی ووڈ فلمساز ادتیہ دھر سے شادی کرکے ممبئی لوٹ چکی ہیں اور نئی فلم اے تھرسڈے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔امید کی جارہی ہے کہ بھارتی فنکارہ بدھ کے روز ای ڈی میں پیش ہوں گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم نے فلم ڈائریکٹر ادتیہ دھر سے شادی کر لی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
گزشتہ ماہ صنم رے، جنونیت اور بدلہ پور جیسی فلمز میں اداکاری کرکے مداحوں سے داد وصول کرنے والی یامی گوتم کا کہنا تھا کہ ہم نے اہلِ خانہ کی دعاؤں کے سائے میں شادی کی۔
مزید پڑھیں: یامی گوتم بھارتی فلم ڈائریکٹر ادتیہ دھر سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں