بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں مسجد میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے شہری نے بھارتی پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، تاہم جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرناٹک پولیس نے بنگلور کے علاقے شیوا جی نگر کی ایک مسجد میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے 37 سالہ ملزم انور کو گرفتار کر لیا جو مہاراشٹر کا رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مدرسوں کیلئے چندہ جمع کرتا ہے۔
ٹک ٹاک چیلنج ، 4 امریکی نوجوان گردنیں تڑوا بیٹھے
کرناٹک پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مسجد اعظم میں چندہ جمع کرنے کے بعد مسجد کمیٹی سے رات کے وقت مسجد میں رہائش کی اجازت مانگی جس سے انکار کردیا گیا، جس پر ملزم نے غصے میں یہ جرم کیا۔ ملزم بس میں سوار ہوگیا اور پولیس کو فون کردیا۔
پولیس سے 6روز قبل 5جولائی کی رات کو فون پر گفتگو کرتے ہوئے ملزم نے کہا کہ دہشت گردوں نے مسجد اعظم میں بم رکھ دیا ہے جس پر شور مچ گیا۔ مقامی آبادی میں تشویش پھیل گئی اور پولیس نے بم کی تلاش شروع کردی۔ رات گئے سرچ آپریشن کیا گیا۔
تشویشناک طور پر پولیس نے تمام تر متعلقہ محکموں کو بھی اس سرچ آپریشن کا حصہ بنا لیا اور ایمرجنسی و فائر سروسز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ نے بھی بم تلاش کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کیں۔ تاہم بم نہ ملا تو واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم جیسے ہی کرنول نگر کے علاقے میں پہنچا، پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا۔ بی ایس سی میں گریجویشن کے باوجود ملزم بے روزگاری کے باعث چندہ جمع کرنے کے باعث اپنی روزی روٹی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔