وطنِ عزیز پاکستان سمیت دُینا بھر میں جفاکش اور محنتی دیہی خواتین کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد دیہی خواتین کے بنیادی انسانی حقوق پر شعور اجاگر کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 18 دسمبر 2007ء کو دیہی خواتین کے حقوق کے بارے میں ایک قرارداد منظور کی جس کے تحت 2008ء سے دیہی خواتین کا عالمی دن ہر سال منایا جارہا ہے۔
سب سے پہلے 15 اکتوبر 2008ء کو دیہی خواتین کا عالمی دن امریکی شہر نیو یارک میں منایا گیا۔ دن منانے کا مقصد خواتین کے ذمہ دارانہ کردار کو معاشرے میں اجاگر کرنا، خواتین کے حقوق کا تحفظ اور باعزت روزگار کی فراہمی ہے۔
بین الاقوامی مزدور تنظیم کے مطابق دنیا بھر میں 60 کروڑ 80 لاکھ مزدوروں کے مقابلے میں 42 کروڑ 80 لاکھ خواتین زراعت کے شعبے میں کام کرتی ہیں۔
پاکستان میں بھی دیہات کی خواتین کی بڑی تعدد شعبۂ زراعت میں مردوں کے شانہ بشانہ مختلف کاموں میں مصروف نظر آتی ہے۔
دیہی علاقوں میں خواتین تعلیم و تربیت، صحت و صفائی اور تعلیم سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ جاہلانہ رسوم و رواج کے باعث خواتین کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کینسر کو شکست دینے والی سعدیہ صدیقی کا خواتین کیلئے اہم پیغام