پونے: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
سری لنکن ٹیم میں بلے باز دموتھ کرونا رتنے اور بولر دشمنتھا چمیرا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ افغان ٹیم نے اسپنر نور احمد کی جگہ فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی کو شامل کیا ہے۔
افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے مطابق پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ شام میں اوس پڑنے کا امکان ہے جبکہ سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے کیونکہ پچ بلے بازی کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔
ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کو برا بھلا نہ کہیں، اُن کا مورال ڈاؤن ہوتا ہے۔ ذکا اشرف
آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو سری لنکا اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ جیتنے والے ٹیم ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پوزیشن پکی کرلے گی۔
دوسری طرف پاکستانی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ آج افغانستان کی جیت پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی ممکنہ صورتحال کی بات کی جائے تو سب سے پہلے پاکستان کو اپنے بقیہ تین میچز جیتنا ضروری ہونگے۔ یہ تین میچز بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے ہیں۔
تینوں میچز جیتنے کے ساتھ پاکستان کو نیوزی لینڈ کی مدد کی بھی ضرورت ہوگی۔ نیوزی لینڈ اپنے بقیہ 3 میچز میں سے ایک میچ بھی جیت جاتا ہے تو رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔