اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کو 1 ارب 70 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے جو ورلڈ بینک کے نائب صدر کی وزیرِ توانائی خرم دستگیر سے ملاقات میں سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک جنوبی ایشیا کے نائب صدر مارٹن رائسر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ توانائی خرم دستگیر سے ملاقات کی۔ خرم دستگیر نے مارٹن رائسر کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصان اور تباہی سے آگاہ کیا۔
سونے کی فی تولہ قیمت 400روپے کم ہوگئی
سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی بینک کے نائب صدر (جنوبی ایشیا) نے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد زمینی حقائق جاننا تھا۔ ہم موجودہ اور نئے منصوبوں کے ذریعے پاکستان کو 1ارب 70کروڑ ڈالر تک امداد دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
نائب صدر عالمی بینک (جنوبی ایشیا) کا کہنا تھا کہ امداد کا مقصد سماجی تحفظ کے پروگرامز کو مضبوط بنانا، سیلاب زدگان کی بحالی میں امداد اور نئے ہنگامی آپریشن کے ساتھ ساتھ طویل مدتی اہلیت کی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ ہمارا سب سے بڑا انرجی پورٹ فولیو پاکستان میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قابلِ تجدید ذرائع کی طرف پالیسی کی تبدیلی سے درست سمت میں اقدام اٹھایا۔ وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے عالمی بینک کو موجودہ حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، مسائل دور کرنے اور وصولیاں بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔