مائیکرو بلاگنگ اور سماجی رابطے کی بڑی ویب سائٹ ٹوئٹر کے صارفین کو سروس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا رہا جس پر انتظامیہ نے صارفین کو پیغام دیا کہ ہم نے مسئلہ حل کر لیا ہے، اب صارفین کو کوئی مشکل نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کو ریٹ لمیٹ ایکسیڈ کا پیغام موصول ہوتا رہا جس سے صارفین کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ شاید ٹوئٹر نے انہیں زیادہ پیغامات بھیجنے پر بلاک کردیا، تاہم یہ ٹوئٹر کا تکنیکی مسئلہ تھا جس پر قابو پا لیا گیا۔
مسئلے کے حل کیلئے ٹوئٹر انتظامیہ نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے آپ کو بھی ریٹ کی حد عبور کرنے کا پیغام موصول ہوا ہو، جو عام طور پر اُس وقت موصول ہوتا ہے جب آپ ٹوئٹر کا اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش کرتے ہیں جس پر پس منظر میں کام جاری ہے۔
صارفین کو تسلی دیتے ہوئے ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا کہ ہم اپنے بیک اینڈ سسٹم کے ساتھ مسئلے کے حل کیلئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور جلد ٹوئٹر صارفین کو اپنے اکاؤنٹ اور پیغامات تک رسائی مل جائے گی۔بعد ازاں پیغام دیا گیا کہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ اب صارفین مشکلات کا شکار نہیں ہوں گے۔
This should now be fixed. pic.twitter.com/iAOqJCdVxB
— Support (@Support) August 4, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر ہیکرز کے ہتھے چڑھ گئی، ٹوئٹر پر ہیکرز نے جارحانہ حملہ کرتے ہوئے ملازمین اور اندرونی ٹولز تک رسائی حاصل کر لی جس سے صارفین کی ذاتی معلومات داؤ پر لگ گئیں۔
اپنے پیغام میں گزشتہ ماہ صارفین کو ہیکرز کے حملے سے آگاہ کرتے ہوئے ٹوئٹر سپورٹ نے کہا کہ ہمیں ٹوئٹر پر ہونے والے سوشل انجینئرنگ اٹیک کا پتہ چلا ہے۔ کچھ لوگوں نے کامیابی سے ہمارے کچھ ملازمین کو نشانہ بناتے ہوئے ہمارے اندرونی سسٹم اور ٹولز تک رسائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: ہیکرز کا حملہ، ٹوئٹر پر صارفین کی معلومات داؤ پرلگ گئیں