وزیرِ اعظم عمران خان کی نقل کرکے شہرت پانے والے اداکار فرخ شاہ انتقال کر گئے ہیں جس پر فنکار برادری بالخصوص کامیڈینز سوگوار نظر آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فرخ شاہ کا انتقال گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، عارضۂ قلب میں مبتلا فرخ شاہ ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے جس پر معروف شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قبل ازیں فرخ شاہ 2 روز قبل اداکار برادری کے احتجاج میں شریک ہوئے جس میں لاک ڈاؤن کے دوران فنکاروں کی مالی مشکلات پر حکومتی زعماء سے توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
فرخ شاہ کے بیٹے کے بیان کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کے باعث تھیٹر بند ہوگیا تھا جس سے مرحوم فنکار کی مالی مشکلات بڑھ گئی تھیں، تاہم فرخ شاہ کی اہلیہ نے اِس بیان کی تردید کی۔
آنجہانی فنکار کی اہلیہ بشریٰ فرخ کے مطابق فرخ شاہ بالکل صحت مند تھے جنہیں گزشتہ صبح سینے میں درد محسوس ہوا اور اچانک وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی خالقِ حقیقی سے جاملے۔
بشریٰ فرخ کے مطابق فرخ شاہ نجی چینل سے منسلک ہو کر برسرِ روزگار تھے جنہیں مالی طور پر کوئی پریشانی نہیں تھی۔ مرحوم نے اپنے سوگواران میں 1 بیٹا، 1 بیٹی اور اہلیہ چھوڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام کے نام پرشدت پسند تنظیمیں آگے بڑھ رہی ہیں۔حمزہ علی عباسی