لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے بت پاش پاش کئے، وزیر اعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے چوروں اور لٹیروں کو کوئی این آراو نہیں ملے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کااپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ کورونا پر سیاست چمکانے والا ٹولہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ پی ڈی ایم نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی۔
اپوزیشن ملک دشمن ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ ایسی اپوزیشن کے ہوتے ہوئے کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجکماری اور شہزادہ دونوں دن کے وقت وزارت عظمی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
بلی کو ہروقت خواب میں چھیچھڑے ہی نظر آتے ہیں۔ راجکماری اور شہزادہ ذہن نشین کر لیں کہ یہ بادشاہت کا دور نہیں۔ آپ دونوں کے ابا جی کا اقتدار کرپشن میں لت پت رہا۔
اب پاکستان بدل چکا ہے اور وزارت عظمی پر عوامی وزیر اعظم موجود ہے۔کورونا کے خوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ چھتیس ہزر چھ سو انہتر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے پانچ سو بائیس مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے اڑتیس مریض جاں بحق ہوئے۔