کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے سبب حدت بڑھ گئی، درجہ حرارت میں گزشتہ روز کے مقابلے میں ایک ڈگری اضافہ ہوگیا، پیر اور منگل کو درجہ حرارت 34 ڈگری تک تجاوز کر سکتا ہے۔
شہر میں شمال مغربی ہواؤں کے اثرات کے خاتمے اور بیشتر وقت سمندری ہوائیں چلنے کے سبب دن اور رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ ہو رہا ہے۔
اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت 19.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ مزید ایک ڈگری اضافے سے 32.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈہوا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق پیر اور منگل کو دن کے وقت موسم نسبتا گرم ریکارڈ ہو سکتا ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ موسم سرما اختتام پذیر جبکہ بہار کا آغاز ہوچکا ہے۔