اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت اجلاس کے دوران ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں نومبر سے جنوری تک تعطیلات کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت تمام صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور تعلیمی اداروں کی صورتحال پر سنجیدگی سے غور کیا گیا۔
وزرائے تعلیم کے اجلاس کے دوران اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔ وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہمیں بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے۔
اجلاس کے دوران رواں ماہ نومبر سے لے کر آئندہ برس جنوری تک ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو موسمِ سرما کی تعطیلات دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا جبکہ تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ خادم حسین رضوی نے راولپنڈی اسلام آباد کو میدانِ جنگ بنا دیا