رومانوی کامیڈی فلم “وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو” آن لائن ریلیز ہوگی تاہم اس کی ڈیجیٹل اسٹریمنگ کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا ہے۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق نیٹ فلکس نے فلم کے اسٹریمنگ رائٹس حاصل کر لیے ہیں اور فلم کے نومبر کے آخر یا دسمبر کے شروع میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ڈیبیو کرنے کی توقع ہے، جو سینما گھروں میں ریلیز کے تقریباً دو ماہ بعد ہوگاتاہم اسٹریمنگ پلیٹ فارم اور ریلیز کی حتمی تاریخ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
آج فلم کے سینما گھروں میں ریلیز کے ساتھ ہی، یہ فلم عالیہ بھٹ کی “جگرا” سے مقابلہ کر رہی ہے اور دونوں فلموں کے حوالے سے بہت زیادہ چرچا ہے۔
یہ فلم بہترین کامیڈی پر مبنی ہے، اس کے مکالمے کبھی ذہین تو کبھی مضحکہ خیز اور بے سروپا محسوس ہوتے ہیں جو مجموعی طور پر فلم کو ایک زبردست تاثر دیتے ہیں۔
**کہانی:**
“وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو” کی کہانی 1997 میں ترتیب دی گئی ہے۔ وکی (راجکمار راؤ) اور ودیا (ترپتی ڈمری) دونوں مل کر اپنے ہنی مون کی پہلی رات کا ایک خاص ویڈیو بناتے ہیں تاکہ بعد میں اسے دیکھ کر اپنی یادوں کو تازہ کرسکیں۔
ایک صبح وکی کو پتہ چلتا ہے کہ سی ڈی پلیئر اور ان کی ویڈیو والی سی ڈی چوری ہو گئی ہے۔
وہ ودیا کو اس بارے میں نہیں بتاتا اور اپنی ویڈیو واپس حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ ودیاجو سی ڈی چوری ہونے سے بے خبر ہے، یہ سوچنا شروع کر دیتی ہے کہ وکی کا کسی کے ساتھ خفیہ تعلق ہے اور اس کا پیچھا کرتی ہے جب وہ کھوئی ہوئی سی ڈی تلاش کر رہا ہوتا ہے۔
کیا وکی اپنی سی ڈی واپس حاصل کر پائے گا؟ کیا ودیا کو کھوئی ہوئی سی ڈی کا علم ہو گا؟ اور کیا مزید حالات وکی اور ودیا کے لیے مزید پیچیدگیاں پیدا کریں گے؟ یہ سب جاننے کے لیے “وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو” ضرور دیکھیں۔