اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان کاروباری سطح پر تعلقات کی مضبوطی حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ بات وزیر اعظم عمران خان نے چینی سفیر یاؤجنگ کے ہمراہ چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔
وزیر اعظم عمران خان نے معروف چینی کمپنیوں کے نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کومضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریگی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کا مستقبل یکساں ہے،وزیراعظم نے چین کے تجارتی وفد سے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے علاقائی دفاتر قائم کریں چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شرکاء نے موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں خصوصا ًکاروبار میں آسانی کی فراہمی کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چینی سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پالیسی اور عملدرآمد کی سطح پر متعارف کرائی گئی مختلف پالیسیوں نے چین کی تاجر برادری کے اعتماد میں اضافہ کردیا ہے اور پاکستان کو کوروناوائرس کے بعد ترقی میں ایک بڑے شراکت دار کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔