نیٹ فلکس کی رومانوی منی سیریز ”ون ڈے“ کا ری میک گلوبل ٹاپ 10 کی فہرست میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
رواں ماہ 5 فروری سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران یہی سیریز پاکستان میں نمبر 4 پر رہی۔ یہ سیریز نیٹ فلکس پر 8فروری کو نشر کی گئی جبکہ یہی وہ روز تھا جب پاکستان میں عام انتخابات کیلئے پوری قوم ووٹ ڈال رہی تھی۔
ون ڈے کا مرکزی خیال
رومانوی سیریز ون ڈے کی کہانی اپنے مرکزی کرداروں ڈیکسٹر اور ایما کے گرد گھومتی ہے۔ کبھی کبھی وہ ایک دوسرے سے الگ اور کبھی ایک دوسرے کے ساتھ ہوتے ہیں۔
دلچسپ طور پر دونوں مرکزی کرداروں کو ایک دوسرے سے ملتے بچھڑتے ہوئے 10 سال بیت جاتے ہیں اور سیریز میں یہ مدت 1988 سے لے کر 1999 تک دکھائی گئی ہے۔
اس دوران دونوں ہی کرداروں کی کہانی الگ الگ طور پر بھی دکھائی گئی ہے جہاں یہ دونوں کردار ذاتی کامیابی، ناکامی اور دل شکن واقعات اور مشکلات جھیلتے نظر آتے ہیں۔
کاسٹ
ون ڈے میں ایمبیکا موڈ نے ایما کا کردار نبھایا ہے جبکہ لیو ووڈ وال ڈیکسٹر بنے نظر آتے ہیں۔ اسی طرح سیریز میں ٹم مکینری، امبر گریپی، جانی ویلڈن، ایلینار اور ٹوبی اسٹیفنز بھی نظر آتے ہیں۔
سیریز کا اختتام
بعد ازاں یہ سیریز 2003اور 2004 تک جا پہنچتی ہے جہاں مرکزی کردار ڈیکسٹر اپنی پرانی عادات کی جگہ خودشکن عادات اپنا لیتا ہے تاکہ اپنے غم سے لڑ سکے۔
اس کے بعد 2007 میں ایک حادثے کے بعد ڈیکسٹر اپنی ہیروئن ایما کی موت کو قبول کرتا نظر آتا ہے جبکہ اس دوران ہیرو ڈیکسٹر اپنی ماضی کی یادوں کو بھلانے کی کوشش بھی کرتا ہے۔
سیزن 2 کے امکانات
ابتدائی طور پر ایک تکلیف دہ کہانی کو پیش کرتی ہوئی سیریز ”ون ڈے“ نے نکولس کے ناول پر مبنی کہانی پیش کی جس سے ناظرین کے ذہنوں میں دوسرے سیزن کے متعلق سوال نے جنم لیا۔
تاحال نیٹ فلکس پر ون ڈے کے دوسرے سیزن کو پیش کیے جانے کا اعلان نظر نہیں آتا، تاہم ناظرین میں سیریز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر دوسرے سیزن کی آمد کا امکان نظر انداز بھی نہیں کیاجاسکتا۔