عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہورہی ہے تاہم پاکستانی حکومت نے اس کمی کا کوئی خاص فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا جارہا لیکن اس بار عید سے قبل امید ہے کہ حکومت پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو عید کا تحفہ دیگی۔
حکومت ہر پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرتی ہے لیکن عوام کئی مہینوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کسی بڑی کمی کے منتظر ہیں، مگر ہر بار نئے نرخوں کے اعلان پر مایوسی ہی ہاتھ آتی ہے۔
اس بار بھی عوام کو امید ہے کہ حکومت 31 مئی کو عید کے موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کر کے انہیں تحفہ دے گی مگر ذرائع کی اطلاعات کچھ اور ہی کہانی سناتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس بار بھی حکومت یا تو موجودہ قیمتیں برقرار رکھے گی یا صرف معمولی کمی پر اکتفا کرے گی۔ ایک رپورٹ کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی متوقع ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
صنعتی اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 0.60 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.28 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے اس بات کا بھی قوی امکان ظاہر کیا ہے کہ قیمتیں جوں کی توں برقرار رکھی جا سکتی ہیں تاہم حتمی فیصلہ 31 مئی کو کیا جائے گا۔