فیصل آباد: سابق وفاقی وزیرِ پانی و بجلی عابد شیر علی کی اہلیہ فاطمہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی کی اہلیہ فاطمہ دل کے موذی مرض میں مبتلا تھیں جنہیں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا۔
سابق رکنِ قومی اسمبلی اور ن لیگ کے سینئر رہنما عابد شیر علی کی اہلیہ نجی ہسپتال میں علاج کے دوران جان کی بازی ہار گئیں۔
ن لیگ کے دورِ حکومت میں اگست 2017 سے مئی 2018 ء عابد شیر علی سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی وفاقی کابینہ کا حصہ رہے۔
قومی اسمبلی میں عابد شیر علی نے 2002 سے 2018ء تک رکن کے طور پر قوم کی خدمت کی۔ان کی اہلیہ کے انتقال پر ن لیگی قیادت سمیت نامور سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے کزن طارق شفیع لاہور میں انتقال کر گئے جنہیں گزشتہ ماہ سپردِ خاک کردیا گیا۔
ملک کے نامور صنعت کار، ن لیگی رہنما عابد شیر علی کے ماموں، شہباز شریف کے ہم زلف اور ن لیگی رہنما سہیل ضیاء بٹ کے بہنوئی میاں طارق شفیع کا انتقال ہارٹ اٹیک کے باعث 28 جون کے روز ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹؤئٹر پر 28 جون کو اپنے پیغام میں ن لیگی رہنما عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میرے پیارے ماموں میاں طارق شفیع رضائے الٰہی سے وفات پا گئے ہیں۔
عابد شیر علی نے بتایا کہ میاں طارق شفیع کی نمازِ جنازہ گزشتہ شب 10 بجے اتفاق مسجد، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی۔ میاں طارق شفیع کا شمار لاہور کی مشہور و معروف سیاسی و سماجی شخصیات میں کیا جاتا ہے۔
میرے پیارے ماموں جان میاں طارق شفیع رضاے الہی سے وفات پا گئے ہیں انا للہ وانا الیہ راجعون ۔ ان کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے اتفاق مسجد ماڈل ٹاون لاہور میں ادا کی جاے گی۔ pic.twitter.com/XZKbwQ5dM5
— Abid Sher Ali (@AbidSherAli) June 28, 2021
مزید پڑھیں: نواز شریف کے کزن طارق شفیع کا انتقال، لاہور میں سپردِ خاک کردیا گیا