پاکستان ہر سال اپنا جشنِ آزادی بھارت سے 1 روز پہلے کیوں مناتا ہے؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان اور بھارت رواں برس 2023 میں اپنا یومِ آزادی بالترتیب 14 اور 15اگست کو منائیں گے جبکہ دونوں اقوام قانونِ آزادئ ہند 1947 کے تحت آزاد ہوئیں۔

قانونِ آزادئ ہند 1947 کے تحت پاکستان اور بھارت مقتدر اقوام کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ملک بن کر ابھرے جبکہ یہ قانون کہتا ہے کہ 15 اگست 1947 کو دو آزاد اقوام بحیثیت پاکستان اور بھارت اپنی زندگی کا آغاز کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کون ہیں؟

بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح نے ریڈیو پاکستان پر اپنے تاریخی خطاب کے دوران کہا کہ 15 اگست ایک آزاد اور مقتدر قوم کا یومِ آزادی ہوگا جس سے مسلمان قوم کو ان کی عظیم قربانیوں کا صلہ مل گیا جو گزشتہ کچھ سالوں سے وہ آزاد وطن کیلئے دے رہے تھے۔

اس طرح یہ حقیقی ثبوت مہیا ہوجاتا ہے کہ پاکستان بھی اسی رات کو معرضِ وجود میں آیا جب بھارت کو آزادی ملی، تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان اپنا یومِ آزادی 15 کی بجائے 14اگست کو کیوں مناتا ہے؟

اس ضمن میں ایک نظریہ یہ ملتا ہے کہ وائسرائے ہند لارڈ ماؤنٹ بیٹن جو برطانوی سامراج کے تحت برصغیر پاک وہند کے آخری وائسرائے تھے، جون 1948 سے قبل اقتدار منتقل کرنے والے تھے، تاہم اس پلان پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔

لارڈ ماؤنٹ بیٹن 14 اگست 1947 کو قائدِ اعظم محمد علی جناح کو پاکستان کا اقتدار منتقل کرنے کیلئے کراچی پہنچ گئے تاہم دوسرے نظرئیے میں ایک الگ بات نظر آتی ہے جسے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان اور پہلی وفاقی کابینہ سے منسوب کیا جاتا ہے۔

نظرئیے کے مطابق وزیر اعظم اور قائدِ ملت لیاقت علی خان کی وفاقی کابینہ نے اپنے ایک اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ پاکستان بھارت سے ایک روز قبل اپنا یومِ آزادی منائے گا جسے گورنر جنرل قائدِ اعظم محمد علی جناح نے منظوری دے دی۔

یوں پاکستان اپنا یومِ آزادی ہر سال 14اگست کو یعنی بھارت سے ایک روز قبل منانے لگا جبکہ ایک مذہبی قسم کا نظریہ یہ بھی ہے کہ 14 اور 15اگست کی درمیانی شب رمضان المبارک کی 27ویں شب تھی جسے متفرق اسلامی روایات میں شبِ قدر کی حیثیت حاصل ہے۔

اس تیسرے نظرئیے کے مطابق پاکستان نے شبِ قدر کی بابرکت رات کی مناسبت سے بھی اپنا یومِ آزادی 15 کی بجائے 14اگست کو منانے کو ترجیح دی جبکہ تکنیکی اعتبار سے بھارت کا معیاری وقت (آئی ایس ٹی) پاکستان سے 30 منٹ بعد آتا ہے۔

یوں پاکستان 15 اگست کو جب بھارتی وقت کے مطابق رات کے 12 بجے آزاد ہوا تو پاکستان میں رات کے ساڑھے 11بج رہے تھے۔ اس طرح پاکستان کو بھارت سے 1 روز قبل آزادی مل گئی اور یوں پاکستان کا 14اگست کو آزادی منانا ایک حقیقت پسندانہ فیصلہ بھی نظر آتا ہے۔

 

 

Related Posts