ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار کم کیوں ہے؟ اصل وجہ سامنے آگئی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

انٹرنیٹ کی رفتار
(فوٹو: بِنگ اے آئی)

کراچی: ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔ چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سب میری کیبل میں فالٹ کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے اراکین کو بریفنگ دی۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی سیّد امین الحق نے اجلاس سے خطاب کے دوران سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ سروس کیوں متاثر ہے؟ فائر وال لگنے یا نہ لگنے کا بتایا جائے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پی ٹی اے میڈیا کو آگہی دے تاکہ عوام کو بتایا جائے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ایک کیبل سے 7اعشاریہ 5ٹیرا بائٹ ڈیٹا پاکستان پہنچتا ہے۔ سب میرین کیبل میں فالٹ آنے کے باعث انٹرنیٹ متاثر ہوا۔ پاکستان آنے والی 7کیبلز میں سے 1 خراب ہوگئی۔

قائمہ کمیٹی میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ 27 اگست تک کیبل ٹھیک ہوجائے گی جبکہ اس دوران وی پی این کے استعمال سے مقامی انٹرنیٹ ڈاؤن ہوا۔ ٹیلی کام سیکٹر کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی سستی سے 300ملین کا نقصان ہوا۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ انٹرنیٹ کے معاملے پر ٹیلی کام کمپنیوں سے مسلسل رابطہ ہے۔پاکستان میں 19 ہزار 200 آئی ایس پیز رجسٹرڈ ہیں۔ اگر وی پی این بلاک کردیا تو 95فیصد کاروبار متاثر ہوں گے۔ انٹرنیٹ بلاک کرتے ہوئے رجسٹرڈ آئی پیز کا خیال رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سست کرنے کی کوئی پالیسی نہیں دی۔ہر ملک میں سوشل میڈیا کو بلاک کرنے کا نظام موجود ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں بلاکنگ کا نظام موجود ہے۔اگر وزارتِ داخلہ، عدالت یا وفاقی حکومت بلاک کرنے کا کہیں تو بلاک کیا جاتا ہے۔

Related Posts