مقبول ڈرامے ’تیرے بن‘ میں مریم کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ حرا سومرو نے ہمارے معاشرے میں نوجوان لڑکیوں کے گھر سے بھاگنے کی اہم وجہ سے پردہ ہٹا دیا۔
حرا سومرو نے ایک انٹرویو میں اپنے ڈرامے ’تیرے بن‘ اور معاشرتی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رنگ نہ تو گورا ہے، نہ وہ خوبصورت اور دُبلی پتلی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔
حرا سومرو کے ماضی میں بھی کچھ کردار بہت زیادہ مقبول ہوچکے ہیں، تاہم اس وقت ڈرامہ ’تیرے بن‘ میں ان کے کردار مریم کی کافی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
نوشہرہ کی پردہ دار خاتون جس کے ہنر کی دھوم پوری دنیا میں ہے
انہوں نے ڈرامے کے مرکزی کردار مرتسم یعنی وہاج علی کی بہن کا کردار ادا کیا ہے جو پسند کی شادی کرنے کے لیے گھر سے بھائی کے دشمن ملک زبیر یعنی آغا مصطفیٰ حسن کے ساتھ فرار ہوجاتی ہیں۔
ڈرامہ ’تیرے بن‘ پر جہاں خواتین پر تشدد دکھانے کے الزامات لگائے گئے، وہیں اس ڈرامے پر یہ الزامات بھی عائد کیے گئے کہ اس میں غیر شادی شدہ لڑکیوں کے گھر سے فرار ہونے کے اقدام کو بھی اچھے عمل کے طور پر دکھایا گیا ہے، لیکن اداکارہ حرا سومرو لوگوں کی تنقید سے اتفاق نہیں کرتیں اور ان کا ماننا ہے کہ ڈرامے میں لڑکیوں کے گھر سے فرار ہونے کو اچھے عمل کے طور پر نہیں دکھایا گیا۔
حرا سومرو نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے دلیل دی کہ ڈرامے میں وہ اس وقت فرار ہوتی ہیں جب گھر میں ان کی بات نہیں مانی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بھی لڑکیاں اس وقت فرار ہوتی ہیں جب گھر میں کوئی ان کی بات نہیں سنتا اور ان پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حرا سومرو نے اعتراف کیا کہ ’تیرے بن‘ میں مریم کا کردار ادا کرنے سے انہیں ایک نئی پہچان ملی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذکورہ ڈرامے کی خوش قسمتی یہ ہے کہ اس میں کام کرنے والے تمام اداکار بہترین ہیں، ڈرامے کو اچھے چہرے نہیں بلکہ زبردست کردار اور اداکار ملے۔