دو روز قبل اسرائیل کی سرحد کے اندر گھس کر تین اسرائیلی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتارنے والے مصری فوجی کے بارے میں تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
24 سالہ مصری سرحدی محافظ محمد صلاح ابرہیم مصر کے علاقے عین الشمس کا رہائشی تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں جان گنوانے والے مصری فوجی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کی مدت ملازمت جلد ختم ہونے والی تھی۔
محمد ابراہیم صلاح کی نجی زندگی کے بارے میں ملنے والی تفصیلات کے مطابق اسے سیاحت، مصوری اور کتب بینی کا شوق تھا۔
العربیہ کے مطابق اتوار کو اسرائیل نے اپنے تینوں فوجیوں کی آخری رسومات ادا کر دیں۔ ان تینوں کو ہفتہ کے روز مصری فوجی نے ہلاک کر دیا تھا۔
مصری فوجی اسمگلروں کا تعاقب کرتے ہوئے اسرائیلی سرحد میں داخل ہو گیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں مصری فوجی بھی جان سے مارا گیا۔
اتوار کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے تین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کو ’’دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے قاہرہ سے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔