اسلام آباد:معروف اداکارہ ریما جنہوں نے حال ہی میں ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل کی مخالفت کی تھی اس پر اپنی وضاحت پیش کردی ہے۔ اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں ترک ڈرامہ ارطغرل کے خلاف ہرگز نہیں ہوں، ترکی نے بہت زبردست ڈرامہ بنایا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں دنیا میں کہیں بھی اچھے ٹیلنٹ اورڈراموں کے خلاف نہیں ہوں، بے شک وہ ترکی یا سعودی عرب بنائے یا ہمارا کوئی دشمن ملک، میں ٹیلنٹ کی ہمیشہ معترف ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرا کہنے کا مطلب یہ تھا کہ دوسرے ممالک کے ڈرامے نشر کرنے سے مقامی فنکاروں اور تخلیق کاروں کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ ان کے کام کو بھی خطرہ ہے۔اس جانب توجہ دینی ہوگی۔
ریما کا کہنا تھا کہ ایک بارٹر سسٹم کے تحت ایسے ڈرامے نشر کئے جائیں یعنی اگر ہم ترکی کا کوئی ڈرامہ نشر کریں تو جواب میں ترکی ہمارا کوئی ڈرامہ نشر کرے جس سے پی ٹی وی کو ریونیو ملے اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
اداکارہ ریما نے سوشل میڈیا صارفین اور ناقدین سے کہا کہ خدارا کسی بات کو غلط انداز میں رنگ دینے کی بجائے دیکھا کریں کہ وہ بات کس انداز میں کی گئی ہے اور میری نیت کیا تھی۔ انہوں نے کہا کہ میری بات کو غلط رنگ دیا گیا۔ میں ترک ڈرامہ سیریل کے ہرگز خلاف نہیں ہوں۔ کسی چیز کو غلط رنگ میں پیش کرنا بھی گناہ ہے۔