کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ہر سال نالوں کی صفائی کے لئے کروڑوں روپے ریلیز کیے جاتے ہیں، چھ نالوں کی صفائی کے لئے چالیس کروڑ روپے ہر سال خرچ کیے جاتے ہیں۔ سچ عوام کے سامنے لانے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ دو اضلاع میں بارش ہوئی جس نے شہر کا برا حال کردیا۔ پیپلز پارٹی کے وزراء میڈیا پر جھوٹے بیانات دے رہے تھے۔
عالمی ادارے پیپلز پارٹی کے خلاف تحقیقات کرنے جارہے ہیں۔ عالمی بینک نے سوا ارب دیا وہ کہاں گیا کس کی جیب میں گیا؟ ہم ورلڈ بینک کو خط لکھ رہے ہیں کہ اس رقم کی تحقیقات کی جائیں۔ پیپلزپارٹی سے پاکستان کا نام نکال دینا چاہیے۔ پیپلزپارٹی کہتی ہے نالوں پر تجاوزات بن گئی ہیں، اس کا زمہ دار کون ہے۔
صوبہ سندھ میں تینتیس ارب روپے لگے مگر کہاں لگے پتہ نہیں۔ ہر سال چالیس سے پچاس کروڑ کراچی کے چھ نالوں کی صفائی کے نام پر خرچ کرتے ہیں۔ بارش میں کراچی کے کمشنر کہاں تھے؟ ان کو شہر کی ذمہ داری دی جو دودھ اور سبزی کے نرخ کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔
پیپلزپارٹی پارٹی نے صوبے کا جو حال کیا اس کے بعد ان کے منسٹرز کو دوپٹے اور چوڑیاں پہنا کر بٹھا دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعید غنی آپ کا تعلق کراچی سے ہے کراچی کا حال ڈوب گیا۔ اب سازشیں کررہے ہیں کہ بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کی جائے۔ بلاول زرداری آپ نے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا ہے۔ ناصر صاحب آپ کا تعلق سکھر سے ہے۔ سکھر کا بچہ بچہ رو رہا ہے۔
پی پی اب جمہوری پارٹی نہیں رہی، ان کا کام جمہوریت کے نام پر صرف عوام کا خون چوسنا ہے۔ آج ان کا نام پنجاب، کے پی، بلوچستان، کراچی اور حیدرآباد سے ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کبھی ٹی وی پر لاہور، کے پی یا لاہور ڈوبنے کا سنا؟ ہر مصیبت سندھ پر ہی کیوں آتی ہے۔ اس کی وجہ زرداری ٹولا اور سندھ حکومت ہے۔ ان کا ہر چیز پاکستان سے باہر ہے۔شہر کراچی کو مضبوط بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے کبھی بہتری نہیں آئے گی۔