چیمپینز ٹرافی کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، آج پاکستان اور بھارت کا سب سے کانٹے دار مقابلہ ہوگا، جبکہ اس دوران بھارت کے مشہور بابا ابھے سنگھ نے پاکستان کے حق میں پیشگوئی کرکے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی بابا ابھے سنگھ نے چیمپینز ٹرافی کے دبئی میں ہونے والے میچ کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اس بار جیت بھارت کا مقدر نہیں بنے گی۔ اس موقعے پر بے شمار بھارتی مداحوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ میچ آج پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
کھیلوں کے تجزیہ کار کرکٹ کا میچ ہونے سے قبل آپس میں گفتگو کرتے نظر آئے کہ پاک بھارت میچ میں کس کا پلڑا بھاری رہے گا۔ دلچسپ طور پر پاکستان اور بھارت کے میچز میں ہمیشہ نتیجہ غیر متوقع ہوتا ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں میچ جیتنے کیلئے اپنا پورا زور لگا دیتی ہیں اور اگر بالفرض ایسا نہ ہو تو دونوں ممالک کے تماشائی ٹیموں کیلئے وبالِ جان بن جاتے ہیں۔
معروف بھارتی کھلاڑی سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم متوازن سہی لیکن وکٹ دیکھ کر ہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ میچ کون جیتے گا۔ قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر اور تجزیہ کار راشد لطیف کا کہنا ہے کہ بھارت کی بیٹنگ لائن مضبوط سہی لیکن ہمیں ہمیشہ سے بھارتی بولنگ کا سامنا کرنا چیلنج لگتا آیا ہے۔
حال ہی میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے محمد عامر کا کہنا ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے خلاف میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ والی غلطیاں دہراتا ہے تو پاکستان جیت سکتا ہے، ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ آن پیپر تو بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے لیکن پاکستان کو ایسے کھلاڑی بھی میسر ہیں جو میچ کا پانسا پلٹ سکتے ہیں۔