بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور دھوم 4 کا مرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ فلم کی شوٹنگ بھی جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے جس کی تیاری شروع کردی گئی۔
اینیمل فلم کرنے کے بعد رنبیر کپور ہیرو اور ولن دونوں کے کردار میں اپنے آپ کو منوا چکے ہیں جس کے بعد انہیں دھوم فرنچائز کی جانب سے مرکزی کردار ادا کرنے کی پیشکش ہوئی اور اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ دھوم 4 میں مرکزی رول رنبیر کپور کا ہوگا۔
ماضی میں دھوم 1، دھوم 2 اور دھوم 3 کی بات کی جائے تو دھوم 1 میں جان ابراہیم، دھوم 2 میں رتیک روشن اور دھوم 3 میں عامر خان نے مرکزی رول نبھائے جو کہ تینوں کے تینوں چور تھے اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر چوریاں کیا کرتے تھے۔
دھوم 1 میں ایشادیول، دھوم 2 میں ایشوریا رائے اور دھوم 3 میں کترینہ کیف نے ہیروئن کا کردار نبھایا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ہیروئن اور پولیس افسر سمیت دیگر کردار کون کرے گا؟ کیونکہ تینوں فلموں میں پولیس افسر رہنے والے فنکار سے یہ رتبہ چھین لیا گیا ہے۔
فلمسازوں نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ دھوم 4 کی کہانی ماضی کے قصوں سے ملتی جلتی نہیں بلکہ بالکل الگ ہوگی جبکہ پولیس افسر ابھیشیک بچن اور اس کا کامیڈین ماتحت اودے چوپڑا دھوم 4 میں نظر نہیں آئیں گے بلکہ پولیس افسر کوئی اور ہوگا۔
تاحال دیگر کرداروں کے متعلق تو کوئی فیصلہ نہیں کیاجاسکا، لیکن فلم کے متعلق مزید حقائق سامنے آگئے ہیں۔ کچھ لوگ ماضی کے ہیروز جان ابراہم اور رتیک روشن کو دھوم فرنچائز میں دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم فلمسازوں کا فیصلہ اس سے الگ ہے۔
فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ رنبیر کپور کے سامنے دو بڑے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا، تاہم ان کے نام سامنے نہیں آسکے۔ حال ہی میں اڑائی جانے والی ایک افواہ کے مطابق ساؤتھ کے اوریجنل سنگھم سوریا کو کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ فلمسازوں کا ہوگا۔
فلم کی کہانی ماضی کی طرح آدیتیہ چوپڑا ہی لکھیں گے، 2025 کے آخر تک دھوم 4 پر آفیشل کام شروع ہوجائے گا اور 2026 کے آغاز تک فلم کی شوٹنگ بھی شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ دھوم سیریز کی ماضی کی فلموں کی طرح یہ بھی ایک ایکشن تھرلر ہوگا۔