پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈکوچ کیلئے بورڈ کے اعلیٰ حکام نے نام فائنل کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے مستقل ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے، ہفتے کے روز بورڈ نے عہدے کے لیے اشتہار جاری کیا تھا، جس کے مطابق درخواست دہندگان سے لیول 3 کوچنگ سرٹیفیکیشن اور قومی یا ڈومیسٹک کرکٹ ٹیموں کی کوچنگ کا کم از کم 10 سال کا تجربہ مانگا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے موجودہ کوچ مائیک ہیسن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے اختتام پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے پر فائز ہوجائیں گے۔
گیری کرسٹن کے مستعفیٰ ہونے کے بعد عارضی کوچ کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے عاقب جاوید کا معاہدہ بھی فروری 2025 میں ختم ہوچکا ہے، وہ معاہدے کی تجدید میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
مائیک ہیسن کی قابلیت:
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیسن انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور (بنگلور) میں ڈائریکٹر آف کرکٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں جبکہ کیوی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض بھی نبھاچکے ہیں۔
پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں مائیک ہیسن نے اہم کردار ادا کیا تھا، یہ ان کا لیگ میں پہلا سیزن تھا۔
اسی طرح سابق لیجنڈری اسپنر سقلیین مشتاق بھی ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔