گزشتہ دن کراچی میں سہ فریقی سیریز کا فائنل پاکستان تو ہار گیا، تاہم اس میچ کے دوران ایک لڑکی نے اپنے چہرے کے متغیر تاثرات سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتے کے دن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا فائنل میچ کھیلا گیا، جس میں پاکستان کو عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میچ کے دوران مختلف کمزور اور مستحکم لمحات کے ساتھ اسٹیڈیم میں اور اسٹیڈیم سے باہر گھروں اور آفسز میں میچ دیکھنے والوں کے احساسات بھی بدلتے رہے۔
اسٹیڈیم میں جہاں ہزاروں تماشائی یہ میچ لائیو دیکھنے کیلئے موجود تھے اور ان کے اظہار جذبات کے مختلف انداز ٹی وی پر دکھائے جا رہے تھے، وہاں ایک خوبرو لڑکی کے میچ دیکھتے ہوئے دلکش تاثرات نے کیمرا مین کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔
کیمرا مین کے ریڈار میں آنے کے باعث اس لڑکی کے چہرے کے تاثرات ٹی وی پر نشر ہوئے تو دنیا بھر سے یہ میچ دیکھنے والوں کے دل پر بھی نقش ہوگئے۔
ٹی وی پر بار بار دکھائے جانے کے باعث اب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہر طرف اس لڑکی کی دلکش اداؤں اور ناز و انداز کے چرچے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس خوبرو تماشائی لڑکی کے مختلف انداز کے اسکرین گریبز وائرل ہیں جن پر صارفین مختلف قسم کے دلچسپ ۔تبصرے کر رہے ہیں۔
آخر یہ وائرل لڑکی کون ہے؟
اس کے ساتھ ہی اس لڑکی کے متعلق تجسس بھی جنم لے رہا ہے اور ہر کوئی پوچھ رہا ہے کہ یہ لڑکی ہے کون؟
انہی سوالات کے درمیان بعض صارفین نے اس لڑکی کو انسٹاگرام سے ڈھونڈ نکالا۔ صارفین نے بتایا کہ یہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک ابھرتی ہوئی ماڈل ہیں۔
انسٹا گرام پر بنے کھاتے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا نام عارفہ جنید انجم ہے۔ تاہم وائرل ہونے کے بعد یکایک اس نام سے کئی اکاؤنٹ کھل گئے ہیں، جس سے اندازہ لگانا مشکل ہوگیا ہے کہ اصل اکاؤنٹ کونسا ہے۔