اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرنیشنل میڈیا کو آرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
احمد وقاص جنجوعہ کو جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پیش کیا گیا، تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں احمد وقاص جنجوعہ کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ احمد وقاص جنجوعہ سے گرفتاری کے وقت دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، کالعدم تنظیموں سے تعلقات اور مزید تفتیش اور ریکوری کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے مختصر سماعت کے بعد احمد وقاص جنجوعہ کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر تے ہوئے پی ٹی آئی کوارڈینیٹر کو دوبارہ 29 جولائی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
احمد وقاص جنجوعہ کون ہے؟
احمد وقاص جنجوعہ کی گرفتاری ظاہر کیے جانے کے بعد سے ہر طرف یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ وہ کون ہیں۔
احمد وقاص جنجوعہ کے حوالے سے یہ معلومات سامنے آئی ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے شعبہ اطلاعات میں انٹرنیشنل میڈیا کیلئے ترجمانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی میڈیا کو پارٹی سے متعلق تمام تر مواد کی فراہمی اور پارٹی کی تمام تر سرگرمیوں کو رپورٹ کرنا احمد وقاص کی ذمے داریوں میں شامل تھا۔
نیز یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ احمد وقاص جنجوعہ سینئر صحافی اور کالم نگار مظہر برلاس کے بہنوئی ہیں۔
گرفتاری کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد مظہر برلاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد وقاص کی حراست کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملک میں عرصے سے ابن زیاد کی پالیسی چل رہی ہے۔