بھارتی پولیس نے پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک اور یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا ہے، جسے پاکستان سے مبینہ روابط رکھنے والے جاسوسی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے موہالی میں اسٹیٹ اسپیشل آپریشنز سیل نے جسبیر سنگھ کی سرگرمیوں کی تفصیلی تفتیش شروع کر دی ہے، جو “جان محل” کے نام سے یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔
بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ جیوتی ملہوترا کی گرفتاری کے بعد جسبیر سنگھ نے پاکستانی ایجنسیوں کے ساتھ اپنی تمام تر بات چیت کے ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق وہ تین مرتبہ پاکستان جا چکا ہے۔
بدھ کو ایکس پر بھارتی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس گورو یادو نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جسبیر نے دہلی میں ایک دعوت پر یومِ پاکستان کی تقریب میں شرکت کی، جہاں اس کی ملاقات پاکستانی فوجی افسران اور وی لاگرز سے ہوئی۔ وہ تین بار پاکستان گیا (2020، 2021، 2024) اور اس کے برقی آلات سے پاکستان کے کئی نمبرز برآمد ہوئے ہیں، جن کی تفصیلی فرانزک جانچ جاری ہے۔
تحقیقات کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ جسبیر سنگھ کے روابط احسان الرحمٰن عرف دانش سے تھے، جو پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات تھا اور حال ہی میں بھارت سے نکالا گیا ہے۔ مزید یہ کہ سنگھ کا پاکستانی انٹیلی جنس افسر شاکر عرف جٹ رندھاوا سے بھی تعلق بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق جسبیر کے قبضے سے برآمد ہونے والے برقی آلات میں پاکستانی فون نمبرز پائے گئے ہیں۔
جسبیر سنگھ کے خلاف موہالی کے اسپیشل آپریشنز سیل میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بڑے جاسوسی اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کرنے اور تمام ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
جسبیر سنگھ کون ہے؟
جسبیر سنگھ جو بھارتی پنجاب کے ضلع روپ نگر کے گاؤں مہلان کا رہائشی ہے، “جان محل ویڈیو” کے نام سے یوٹیوب چینل چلاتا ہے، جو دنیا کے مختلف حصوں کے سفر سے متعلق ویڈیوز پر مشتمل ہے۔
41 سالہ جسبیر کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 11 لاکھ سے زیادہ ہے۔ اس کا مواد زیادہ تر ملائیشیا، مالدیپ، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کے سفر پر مبنی ہے۔
انسٹاگرام پر جسبیر سنگھ کے تقریباً 42 ہزار فالوورز ہیں، جہاں اس نے اپنے بائیو میں خود کو فوڈ وی لاگر لکھا ہے۔ اس کی حالیہ پوسٹ دو دن پہلے شیئر کی گئی تھی، جس میں اس کے بیٹے کی ویڈیو ہے جو پنجاب کنگز کی ممبئی انڈینز پر آئی پی ایل سیمی فائنل میں فتح کا جشن منا رہا ہے۔