سوات کے علاقے فضا گٹ میں پیش آنے والے سانحے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں، جن میں انکشاف ہوا ہے کہ دریا کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی قبضہ مافیا کی جانب سے دریا کا رخ موڑنے کے باعث ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کرشنگ مافیا اور ہوٹل مالکان نے دریا کنارے مٹی اور پتھر ڈال کر غیرقانونی طور پر بند بنایا تھا، جو 26 جون کو پانی کے شدید دباؤ سے ٹوٹ گیا۔ بند ٹوٹنے کے وقت سیاح دریا کے کنارے موجود تھے، جن میں سے 17 افراد دریا کی موجوں کی نذر ہو گئے۔
واقعے کے وقت ریسکیو ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع کے بعد ریسکیو ٹیم 19 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچی جبکہ سوات میں موجود سرکاری ہیلی کاپٹر کو استعمال نہیں کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ دریا کنارے تجاوزات اور غیرقانونی کرشنگ کا عمل عرصے سے جاری تھا۔ مقامی لوگوں اور ماحولیاتی کارکنوں کی جانب سے بارہا نشاندہی کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔