عالمی ادارۂ صحت نے چین کی دوسری کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جنیوا: عالمی ادارۂ صحت نے ہنگامی استعمال کیلئے چین کی دوسری کورونا ویکسین سائنو واک کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سائنو واک ویکسین کا استعمال کورونا وائرس کے خدشات کم کرنے میں معاون ہے۔ اپنے ایک بیان میں عالمی ادارۂ صحت نے کہا کہ یکم جون کے روز سائنو واک ویکسین کے استعمال کی منظوری دی گئی۔

سائنو واک ویکسین کے حوالے سے عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ یہ حفاظت، افادیت اور تیاری کے عالمی معیار پر پوری اترتی ہے جبکہ کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین سائنو واک بائیو ٹیک نامی کمپنی نے بنائی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کی منظوری کے بعد چین کی ویکسین ترقی پذیر ممالک کیلئے دستیاب ہوگی جسے اقوامِ متحدہ کے کوویکس پروگرام کا حصہ بنائے جانے کی اجازت ہوگی جس کے تحت غریب ممالک کو مفت ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔

بھارتی ویکسین کی برآمدات پر پابندی عائد ہونے کے باعث ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا جو چین کی دوسری ویکسین کی منظوری سے حل ہوسکیں گی، ویکسین 18 سال سے زائد العمر افراد استعمال کرسکیں گے۔

قبل ازیں 5 مئی کے روز عالمی ادارۂ صحت کے تکنیکی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس شروع ہوا جس کے دوران سائنو واک ویکسین کی اجازت دینے سے قبل حفاظتی اقدامات اور کمپنی کی مینوفیکچرنگ کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا گیا۔

بعد ازاں متفقہ طور پر ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی گئی۔عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین کا استعمال محفوظ اور کورونا کے خلاف مؤثر ہے۔ ویکسین کیلئے خاص حفاظتی انتظامات کی ضرورت نہیں جو کم آمدنی والے ممالک کیلئے مفید ثابت ہوگی۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل چین کے تعاون سے تیار ہونے والی پاکستان کی پہلی کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ متعارف کرا دی گئی۔ 

پاکستان میں تیار کی جانے والی پہلی انسداد کورونا ویکسین کی لانچنگ تقریب گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، چینی سفیر اور سربراہ این آئی ایچ شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: چین کے تعاون سے تیار پاکستان کی پہلی کورونا ویکسین “پاک ویک” متعارف

Related Posts