خیر پور سے ملنے والی ٹک ٹاکر مرد اور خاتون کی لاشوں کا معما حل ہوگیا۔
خیرپور کے سرکاری اسپتال کے باہر کار سے ملنے والی لاشیں اندرون سندھ کی معروف ٹک ٹاکر سیما خاصخیلی اور ظفر حاجانو کی نکلیں۔
خیر پور کے سرکاری اسپتال کے باہر کار سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے نوٹس لیکر پولیس حکام کو کارروائی کی ہدایت کر دی تھی۔
ایس ایس پی خیر پور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق کوثر اسپتال کے قریب گاڑی سے خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں ملیں، گاڑی گزشتہ دو روز سے اسپتال کے باہر کھڑی تھی۔
انہوں نے بتایاکہ لاشوں کی شناخت 24 سالہ سیما خاصخیلی اور 35 سالہ ظفر عباس حاجانو کے نام سے ہوئی، سیما خاصخیلی ٹک ٹاکر ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی گئیں، تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری طرف سیما خاصخیلی کی ماں کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل بیان میں سیما خاصخیلی کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو دھوکے سے ناحق قتل کر دیا گیا ہے۔
سیما کی والدہ کا کہنا ہے کہ ظفر عباس حاجانو کے ان کی بیٹی کے ساتھ تعلقات تھے، ظفر حاجانو نے شادی شدہ ہونے کے باوجود میری بیٹی سے تعلقات رکھے۔
ان کا کہنا ہے کہ آخر میں ظفر اور میری بیٹی نے شادی کا فیصلہ کیا، جس کے اگلے ہی دن ان کی بیٹی کی لاش برآمد ہوئی۔
تاہم فوری طور پر تا حال سیما خاصخیلی اور ظفر حاجانو کی موت کی وجہ کنفرم نہیں ہوسکی ہے۔ وہ قتل ہوئے ہیں تو کس نے قتل کیا ہے، محرکات کیا ہیں، یہ سب تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔