مصر میں ایک ڈاکٹر کی مریضہ کا معائنہ کرتے ہوئے موت کی خبر نے ہر طرف صدمے کی لہر دوڑا دی۔ ڈاکٹر مریضہ کے گھرپر اس کے معائنے کے لیے آیا مگر واپسی پر اس کی لاش گھر لائی گئی جس پر گھر میں کہرام برپا ہوگیا۔
شمالی مصر میں غربیہ گورنری کے شہر طنطا میں پیش آنے والے اس سانحے کے بعد علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔ کیونکہ گورنری کے مشہور ماہر آنکولوجسٹ ڈاکٹر ایہاب الشیخ اتوار کی شام ایک مریضہ کے معائنے کے دوران چل بسے تھے۔ وہ مریضہ کا معائنہ کرنے اس کی درخواست پر اس کے گھر آئے کیونکہ خاتون ان کے نجی کلینک جانے کے قابل نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
انجو کی پاکستان کے جشن آزادی میں شرکت، سیما نے انڈیا میں ترنگا لہرا دیا
یہ بھی معلوم ہوا کہ ڈاکٹر پر عارضے نے اچانک اور جان لیوا وار کیا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
چونکا دینے والی خبر پھیلتے ہی شہر کے لوگوں میں غم اور صدمے کی لہر دوڑ گئی۔ سوشل میڈیا پر ہرطرف ڈاکٹر ایہاب کی وفات پر ماتم اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ مرحوم ڈاکٹر ایہاب الشیخ ایک انسان دوست معالج تھے اور علاقے میں دور دور تک ان کا شہرہ تھا۔ وہ اکثر مریضوں کو دیکھنے اور ان کا معائنہ کرنے ان کےگھروں میں بھی چلے جاتے تھے۔ ان کی ناگہانی موت پر ہرآنکھ اشک بار ہے۔