لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے اسٹیج خالی اور جلسہ تتر بتر کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے حکم دیا کہ جلسہ منتظمین جلسے کے اختتامی اوقات پر فوری عمل کریں، جلسہ ختم کرنے کا وقت 6 بجے تک تھا۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ ختم کرنے کے اوقات پر فوری عمل کیا جائے، این او سی کی خلاف ورزی پرقانون کےمطابق کارروائی کی جائےگی۔
جلسے کا وقت ختم ہونے پر ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے بعث جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا۔
پولیس نے مائیک اور لائٹس بندکرائیں۔ پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اسٹیج خالی کروا کر کنٹرول سنبھال لیا جبکہ بیرسٹر گوہر اسٹیج سے اترگئے۔
لائٹس بند ہونے پر شرکا جلسہ گاہ سے واپس جانے لگے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی جلسہ انتظامیہ کے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات بھی جاری رہے۔ دریں اثنا جلسہ ختم ہوگیا لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نہ پہنچ سکے۔