سان فرانسسکو: دنیا بھر میں مقبول ترین پیغام رسانی اور ویڈیو، آڈیو کالنگ کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم جنوری 2021 سے مخصوص اسمارٹ فون پر سروس بند کردی جائے گی۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص موبائل صارفین 31 دسمبر تک سروس استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ یکم جنوری 2021 سے مخصوص اسمارٹ فونز پر سروس بند کردی جائے گی۔وہ اس سے استفادہ حاصل نہیں کرپائیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے پرانے آپریٹنگ سسٹم پر یکم جنوری سے واٹس ایپ استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔
وہ صارفین جو اینڈرائیڈ 4.0.3 یا اُس سے پرانے آپریٹنگ سسٹم والے اسمارٹ فونز استعمال کررہے ہیں وہ یکم جنوری سے سروس سے فائدہ حاصل نہیں کر پائیں گے، اسی طرح آئی فون کے وہ صارفین جو آئی او ایس 9 یا اُس سے پرانا آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں وہ بھی ایپ کو استعمال کرنے سے محروم رہیں گے۔
اس کے علاوہ آئی فون کے وہ صارفین جو آئی فون 4 ایس، فائیو، فائیو ایس، آئی فون 6 اور 6 ایس ماڈل استعمال کررہے ہیں اُن کے موبائل پر واٹس ایپ کام نہیں کرے گا۔
دوسری جانب اینڈرائیڈ کے وہ صارفین جو سام سنگ گلیکسی ایس 2، موٹرولا ڈروائیڈ ریزر، ایل جی اوپٹیمس بلیک یا ایچ ٹی سی ڈیزائر استعمال کررہے ہیں وہ بھی اس سہولت سے محروم رہیں گے۔
کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا کہ ایسے تمام صارفین بلا تعطل سروس کے لیے یکم جنوری سے قبل اپنے موبائل کا آپریٹنگ سسٹم اپ گریڈ کروالیں۔ اینڈرائیڈاور آئی او ایس استعمال کرنے والے صارفین باآسانی اپنے آپریٹنگ سسٹم کا معلوم کرسکتے ہیں۔
صارفین کو گائیڈ لائن بتاتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ اینڈرائیڈ صارفین سیٹنگز میں جاکر وہاں موجود About Phone کے آپشن پر کلک کریں تو سافٹ ویئر سے متعلق معلومات سامنے آجائیں گی۔
دوسری جانب آئی او ایس استعمال کرنے والے صارفین سیٹنگز پر کلک کریں گے تو انہیں جرنل کا آپشن نظر آئے گا، اس پر کلک کر کے آپریٹنگ سسٹم کے بارے میں معلوم کیا جاسکتا ہے۔