دنیا بھر میں موبائل میسجنگ کی سب سے بڑی ایپ واٹس ایپ نے صارفین کا ڈیٹا شیئر کرنے سے متعلق اپنی پالیسی میں تبدیلی کی دیڈ لائن میں 15 مئی تک توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں واٹس ایپ کی طرف سے صارفین کا نجی ڈیٹا فیس بک اور دیگر پارٹنرز کے ساتھ شیئر کرنے کی پالیسی کا اعلان سامنے آنے کے بعد صارفین نے واٹس ایپ پر تشیدد تنقید کی جس کے بعد واٹس ایپ نے پالیسی کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی منظوری دے دی۔
واٹس ایپ کے لاکھوں صارفین تیزی سے متبادل ایپس سگنل اور ٹیلی گرام پر منتقل ہو رہے ہیں جسے دیکھتے ہوئے واٹس ایپ انتظامیہ اس اقدام پر مجبور ہوئی۔ اب واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیے جائیں گے۔
نئی پالیسی کے حوالے سے واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین سے کہا جائے گا کہ نئی شرائط پر غور کریں اور انہیں قبول کریں، تاہم پالیسی پر نظرِ ثانی کیلئے واٹس ایپ کے قابلِ قدر صارفین کی رائے کو بھی شامل کیاجائے گا۔
قبل ازیں واٹس ایپ کی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی میں تبدیلی کو قبول کرنے کیلئے صارفین کو 8 فروری 2021ء تک کی مہلت دی گئی تھی۔ قبول نہ کرنے کی صورت میں صارفین کو واٹس ایپ اکاؤنٹس سے محروم کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی تاہم یہ بات واٹس ایپ صارفین کو بڑی تعداد میں پلیٹ فارم سے متنفر کرنے کا سبب بن گئی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ صارفین کے ڈیٹا کو دیکھ، پڑھ یا سن نہیں سکتا۔انتظامیہ کی وضاحت