ڈرامہ سیریل ہم تم ، ہم ٹی وی پر نشر ہورہا ہے جس کی ہدایت کاری ماضی کے بلاک بسٹر ڈرامے ‘چپکے چپکے’ کے ہدایت کار دانش نواز نے کی ہے جبکہ ڈرامے کی مصنفہ صائمہ اکرم چوہدری ہیں جو کہ ماضی میں بھی کئی بہترین ڈرامے تحریر کرچکی ہیں، اُن کے کامیاب ڈراموں میں سنو چندا اور چپکے چپکے شامل ہیں۔
ڈرامے کی کاسٹ اور کہانی:
ڈرامہ سیریل ہم تم کی کہانی دو پڑوسیوں کے گھروں کے گرد گھومتی ہے۔ جن میں سے ایک گھرانہ کیمسٹری کے پروفیسر قطب الدین (عدنان جعفر) کا ہے جن کی بیگم کا نام الفت (ارجمند رحیم) ہے جو کہ ایک پریشان حال عورت ہیں جبکہ قطب الدین صاحب کے والد کا کردار بہت ہی مزاحیہ ہے وہ ایک ٹک ٹاکر کا کردار ادا کررہے ہیں، سب اُن کو دادو ہینڈسم کے نام سے جانتے ہیں جبکہ اُن کا نا م صفی الدین (محمد احمد) ہے۔
پروفیسر قطب الدین صاحب کی اصل پریشانی کی وجہ اُن کی تین بیٹیاں ہیں کیونکہ اُن کو بیٹے کی شدید خواہش تھی، خیر اُن کی تینوں ہی بیٹیاں بہت زیادہ پڑھاکو ہیں، بڑی بیٹی ماہا (سارہ خان)، منجھلی بیٹی نیہا (رمشا خان) اورچھوٹی بیٹی ساشا (انوشہ رانیہ خان) ہے۔
دوسرے گھرانے میں بھائی آدم (احد رضا میر) جو کہ قطب الدین صاحب کے انتہائی لاڈلے اور چہیتے اسٹوڈنٹ ہیں او ر اُن کے بھائی سرمد (جنید خان) جن کے اندر ایک سگھڑ لڑکی تمام خوبیاں موجود ہیں، وہ اپنے پڑھے لکھے لیکن بے روزگار والد سلطان (فرحان علی آغا) کے ساتھ رہتے ہیں جو چھوٹے موٹے جوئے کھیلنے کے عادی ہیں جبکہ اُن کی بیگم انتہائی شریف خاتون ہیں حلیمہ سلطان (منازہ عارف) جن کو چیزیں بھولنے کی بیماری ہے۔
اس گھر میں حلیمہ کی ایک بیوہ ماں بھی ساتھ میں رہتی ہیں تمنا بیگم عرف نانو (عظمیٰ بیگ) جن کا آن لائن میرج بیورو ہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ اُن کے میرج بیورو سے ہونے والی زیادہ تر شادیاں طلاق سے ختم ہوجاتی ہیں، اس گھرانے کو مکمل کرتی ہے مارشل آرٹ کی طالبہ ملی (عائنہ آصف) جو کہ گھر میں لڑکیوں کی کمی کی وجہ سے اکثراوقات مذکر اور مؤنث کا فرق بھول جاتی ہے۔
ڈرامے کی کہانی
صائمہ اکرم چوہدری کے ڈراموں کی ایک بہت ہی خاص بات ہے کہ اُن کے ڈرامے کے تمام کرداروں کی کوئی نہ کوئی منفرد خصوصیت ہوتی ہے جیسے کہ آدم کو صفائی کا خبط ہے اُس کو لڑکا ہونے کے باوجود گھر میں کسی قسم کی بے ترتیبی نہیں پسند جبکہ نیہا کو سارے لڑکوں والے شوق ہے۔ آدم کا بھائی سرمد کامیاب شیف ہے جس کے ہاتھوں میں خوب ذائقہ ہے جبکہ ماہا اپنے وزن کو لے کر بہت زیادہ فکرمند رہتی ہے، کسی بھی کھانے کو کھانے سے پہلے اُس کی کیلوری کی مقدار کو دیکھتی ہے۔
ڈرامے میں سرمد کو ماہا سے یک طرفہ پیار ہے جبکہ ماہا بالکل بے خبر ہے اور وہ سرمد کو سرمد بھائی کہتی ہے جس پر سرمد کا بس نہیں چلتا کہ کسی طرح ماہا کو بھائی بولنے سے روک دے۔ دوسری طرف آدم پروفیسر قطب الدین کا انتہائی لاڈلا اور چہیتا طالب علم ہے اور پروفیسر قطب الدین اپنی بیٹیوں سے زیادہ آدم کو ترجیح دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ نیہا کا بس نہیں چلتا کہ آدم کا قتل کردے اور اسی لئے ڈرامے میں زیادہ تر نیہا اور آدم کی نوک جھوک ہی چلتی رہتی ہے۔
ڈرامہ سیریل ہم تم کی خاص بات اُس کے منفرد ڈائیلاگ ہیں ، ہلکی پھلکی کامیڈی ڈرامے کا مزا دوبالا کردیتی ہے بعدازاں ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کسی قسم کی سازش اور بہت زیادہ عشق و عاشقی نہیں دکھائی گئی۔
ڈرامےکی انفرادیت کی وجہ
ڈرامے میں پروفیسر قطب الدین کی تینوں بیٹیوں کو گھر کے کاموں میں انتہائی نکما دکھایا گیا ہے لیکن اُس کے باوجود اُن کا کوئی مذاق نہیں اُڑاتا بعدازاں تینوں بہنیں بہت زیادہ پڑھاکو ہیں ، ماہا کی طلاق ہوچکی ہے لیکن اُسے اس کا کوئی غم کرتے ہوئے نہیں دکھایا گیا وہ پی ایچ ڈی کی طالبہ ہے، دوسری جانب نیہا ہے جس کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ ویسپا چلانے کا شوق ہے المختصر یہ کہ وہ معاشرے کی لڑکیوں کے حوالے سے سوچ کو بدلنا چاہتی ہے، پروفیسر قطب الدین کی آخری بیٹی ساشا آئی ٹی کی ماہر ہے ، کسی بھی ویب سائٹ کو ہیک کرنا اُس کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔
دقیانوسی سوچ سے بالکل الگ کہانی
ڈرامے کی کہانی اس لحاظ سے بھی بہت زیادہ الگ ہے کہ اس میں دونوں لڑکوں کو گھریلو کاموں کا شوقین دکھایا گیا ہے اور کوئی انہیں اس بات کا طعنہ بھی نہیں دیتا وہ اپنے شوق سے گھر کے کام کرتے ہیں ۔
بڑے بھائی سرمد کو نت نئے قسم کے کھانے بنانے کا شوق ہے اُس کا یک ریسوٹورنٹ بھی ہے جبکہ آدم کو گھر کی بے ترتیبی بالکل نہیں پسند وہ ہر وقت چیزوں کو اُن کی صحیح جگہ پر رکھتا رہتا ہے اور اکثر چھوٹی بہن کے بھی کام کرتا رہتا ہے جیسے اُس کا ہوم ورک کرنا ، یا اُس کے بال بنانا۔
خیال رہے کہ گھریلو کاموں سے شوق رکھنے کی وجہ سے یہ قطب الدین کی بیٹیوں کو کسی قسم کا طعنہ بھی نہیں دیتے بلکہ انہیں اُن سے متاثر دکھایا گیا ہے خاص طور پر سرمد کو۔
ڈرامے کی کمزوری
ڈرامہ ویسے تو بہت ہی اچھا ہے لیکن اُس کی ایک کمزوری ہے کہ ڈرامے کا کوئی گانا نہیں جاری کیا گیا کیونکہ عموما ایسا ہی ہوتا ہے کہ کسی بھی ڈرامے کے شروع ہوتے ہی اُس کا گانا ریلیز کردیا جاتا ہے جبکہ اس ڈرامے کا کوئی گانا نہیں جاری کیا جس کی وجہ سے ڈرامے کے شائقین کی توجہ کہانی کو لے کر تھوڑی کم ہے۔
ہماری رائے
ڈرامہ ابھی تک باقی تمام رمضان ڈراموں سے زیادہ پسند کیا جارہا ہے، اُس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں کرداروں کی کیمسٹری بہت اچھی ہے اور ہر کسی کے ڈائیلاگ بھی منفرد ہیں، آخر میں یہی امید کی جاسکتی ہے کہ ڈرامے کا تسلسل اسی طرح برقرار رہے اور اس میں آدم اور نیہا کی لو اسٹوری بھی دیکھنے کو ملے کیونکہ ابھی تک تو فی الحال اُن کے درمیان دشمنی کا دور ہی چل رہا ہے۔