کئی برسوں تک ٹائی ٹینک دنیا کی سب سے مہنگی فلم مانی جاتی رہی، اس کا بجٹ 200 ملین ڈالر سے کچھ زیادہ تھا۔
جس زمانے میں ٹائٹینک ریلیز ہوئی اس وقت سب سے مہنگی ہندوستانی فلموں کا بجٹ 10 ملین ڈالر (36-40 کروڑ بھارتی روپوں) سے زیادہ نہیں ہوتا تھا۔
ہنگامہ ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اور ہالی وڈ کی فلموں میں بجٹ کا فرق بہت زیادہ ہوا کرتا تھا جو ہندوستانی سنیما کی ترقی کے ساتھ اب کافی حد تک کم ہوگیا ہے۔
آج سب سے مہنگی ہندوستانی فلم کالکی 2898 اے ڈی کا بجٹ 70 ملین ڈالر (600 کروڑ بھارتی روپے) سے زیادہ ہے، جو دنیا کی سب سے مہنگی فلم Star Wars: The Force Awakens کی 447 ملین ڈالر لاگت سے بہت زیادہ دور نہیں ۔
لیکن اگر ہم ایک بھارتی فلمساز کے حالیہ پروجیکٹ کو دیکھیں تو یہ فرق مزید کم ہوتا دکھائی دے گا، ایک ہندوستانی فلم کو اتنے بڑے پیمانے پر بنایا جا رہا ہے کہ ہالی وڈ فلمیں ایواٹار اور ایوینجرز بھی اس کے مقابلے میں خود کو چھوٹا محسوس کریں گی۔
اس فلم کا 4000 کروڑ بھارتی روپے کا بجٹ بتایا گیا ہے، جو ہندوستان میں اب تک بننے والی کسی بھی چیز کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ ہے اور یہاں تک کہ اس نے بہت سی ہالی وڈ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
نمت ملہوترا کی رامائن نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘رامائن’ بھارت کی اب تک کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم ہے۔
حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ دو حصوں پر مشتمل یہ فلم 1600 کروڑ (ہر حصے کے لیے 100 ملین ڈالر) کے بجٹ پر بنائی جا رہی ہے لیکن اب، فلم کے پروڈیوسر نے انکشاف کیا ہے کہ اصل لاگت 4000 کروڑ روپے سے کہیں زیادہ ہے۔
پرکھر گپتا ایکسپیریئنس پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے، نمت نے کہا کہ ‘جب ہم نے 6-7 سال پہلے اسے بنانے کا ارادہ کیا تو ہر ایک نے مجھے پاگل کہا، کیونکہ کوئی بھی ہندوستانی فلم بجٹ کے لحاظ سے اس کے قریب نہیں آتی۔ سادہ لفظوں میں جب تک ہم اس کے دونوں پارٹس کو مکمل کریں گے اس فلم کی لاگت تقریباً 500 ملین ڈالر ہو جائے گی یعنی 4 ہزار کروڑ سے زائد۔
فلمساز نے مزید کہا کہ ‘ہم دنیا کی سب سے بڑی کہانی کے لیے دنیا کی سب سے بڑی فلم بنا رہے ہیں جسے دنیا کو دیکھنا چاہیے، میں اب بھی سمجھتا ہوں کہ یہ ہالی وڈ کی کچھ بڑی فلموں سے سستی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم کم قیمت پر ایک بڑی فلم بنا رہے ہیں، میرے اندر کا ہندوستانی اب بھی یہ سمجھتا ہے کہ ہم بجٹ کے حوالے سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کررہے’۔
4000 کروڑ روپے کا بجٹ ہندوستان میں بننے والی ہر فلم کو پیچھے چھوڑ دے گا، یہاں تک کہ اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ رامائن ایک میں دو فلمیں ہیں، اس کا بجٹ آدی پرش (550 کروڑ)، RRR (500 کروڑ)، اور کالکی 2898 AD (600 کروڑ) کی مشترکہ پروڈکشن لاگت سے بہت زیادہ ہے لیکن یہ سب سنگل فلمیں تھیں۔
اگر بیک ٹو بیک پروڈکشنز کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو باہوبلی بہترین موازنہ ہے، تاہم ایس ایس راجامولی کی دو فلموں کی لاگت ‘صرف’ 430 کروڑ روپے ہے، جو کہ رامائن کے بجٹ کا نواں حصہ ہے۔
یہاں تک کہ ہالی وڈ کی بہت سی فلمیں بھی اس کے مقابلے میں سستی پڑ جاتی ہیں، ایواٹار کا بجٹ 237 ملین ڈالر تھا، جبکہ اوینجرز فلموں کی لاگت صرف 300 ملین ڈالر تھی۔
صرف اگر ہم بیک ٹو بیک پروڈکشنز کو لیں تو رامائن دنیا کی سب سے بڑی فلمیں نہیں بن سکتی۔ تیسری اور چوتھی ایوینجرز فلموں، انفینٹی وار اور اینڈگیم، کی لاگت ایک ساتھ 700 ملین ڈالر سے زیادہ ہے، جب کہ ہوبٹ ٹرائیلوجی کی لاگت 623 ڈالر ملین ہے۔
یہ وہ واحد منصوبے ہیں جو رامائن کی رپورٹ کردہ لاگت 500 ملین ڈالر سے زیادہ مہنگے ہیں۔
نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی رامائن دو حصوں پر مشتمل فلم بنانے کا منصوبہ ہے، جس کا پارٹ 1 دیوالی 2026 اور پارٹ 2 2027 میں ریلیز ہوگا۔
فلم میں رنبیر کپور نے رام، یش راون، سائی پلوی سیتا، روی دوبے لکشمن، اور سنی دیول ہنومان کے کردار میں ہیں، فلم کی موسیقی کے لیے اے آر رحمان، لیجنڈری ہنس زیمر کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، جو اپنا بالی وڈ ڈیبیو کر رہے ہیں۔