پشاور :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی تمام نشستیں حاصل کرنا ہماری جماعت کا حق ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سینیٹ میں خیبرپختونخوا سے مکمل نشستیں ملنی چاہئیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مسلسل پی ٹی آئی مخالف مہم چلا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ای سی پی نے پی ٹی آئی کے خلاف منفی اقدامات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو منظم منصوبے کے تحت سیاسی عمل سے باہر کیا جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن کے غیر آئینی اور غیر قانونی فیصلے تھے جنہوں نے سینیٹ کے انتخابات کو متنازعہ بنا دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کا معاملہ ای سی پی کے غلط فیصلوں کا نتیجہ تھا۔ ای سی پی نے مخصوص نشستوں کے معاملے میں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 104 کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مخصوص نشستوں کے معاملے پر ای سی پی کے اقدامات پر تحفظات ہیں۔ ای سی پی کے پاس آئین کی غلط تشریح کا اختیار نہیں ہے۔پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کا رویہ جانبدارانہ ہے، ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہے۔