رمضان کا بابرکت مہینہ اپنے اختتام کو ہے اور ہر کوئی آج کل عید کی تیاریوں میں مصروف ہے، بڑوں سے لے کر بچوں تک ہر کوئی عید کے دن سب سے اچھا اور منفرد نظر آنے کے لیے بازاروں کے چکر لگانے میں مصروف ہیں۔
خواتین ہر عید پر سب سے خوبصورت نظر آنا چاہتی ہیں، اور اس حوالے سے وہ کچھ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتی ہیں جو ان پر اچھا بھی لگے اور وہ فیشن میں بھی ہو۔
کوئی اپنی عید پر سادے ملبوسات کا انتخاب کرتا ہے تو کوئی زیادہ کام کے کپڑے پہننا پسند کرتا ہے۔
اس مشکل کو آسان کرنے کے لیے یہاں خواتین کو چند ایسے آئیڈیاز دیے جارہے ہیں جنہیں پہن کر وہ اس عید پر نہایت خوبصورت نظر آسکتی ہیں۔
شرارا اسٹائل والی شلوار
شرارہ شلوار شروع سے ہی پاکستانی ثقافت کا حصہ رہی ہے۔ اگر آپ اس عید الفطر پر شرارہ شلوار کا انتخاب کررہی ہیں تو اس کے ساتھ کڑھائی والی لمبی قمیض کا انتخاب کریں، اگر قمیض اور شرارہ شلوار کا رنگ ایک جیسا ہو تو یہ اسٹائل اور بھی اچھا لگے گا۔
انارکلی لباس
انارکلی لباس ہمیشہ سے فیشن کا حصہ رہا ہے، آج کل یہ فیشن میں بہت زیادہ مقبول ہے۔ انارکل لباس میں چوڑھی دار پجامے کے ساتھ کام والی فراک ہوتی ہے جس پر کڑھائی یا کام بنا ہوا ہوتا ہے، یہ دونوں عام طور پر ایک ہی رنگ کے ہوتے ہیں۔
چنری
اس عید الفطر کے لئے زیادہ تر ڈیزائنر اپنی کلیکشن میں چنری کے لباس متعارف کروارہے ہیں، چنری کا لباس آرام دہ ہوتا ہے اس میں خواتین خود کو کافی ہلکا پھلکا محسوس کرتی ہیں۔
لمبی قمیض اور سیدھی شلوار
شلوار قمیض پاکستانی خواتین کا روایتی لباس ہے۔ یہاں تک کہ مشہور شخصیات بھی خصوصی تقریبات کے لیے اکثر پاکستانی سلوار سوٹ پہنتی ہیں۔
آج کل لمبی قمیض کے ساتھ سیدھی شلوار کا فیشن ہے جس میں عام طور پر بہت ہی ہلکے رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ہلکے رنگ
بہت سے مشہور پاکستانی ملبوسات کے برانڈز نے مختلف رنگوں میں عید کلیکشن لانچ کیا ہے جس میں کڑھائی کے ساتھ لان شامل ہیں۔ آج کل ہلکے نیلے، گرین اور جامنی رنگ کے شیڈز بہت زیادہ مقبول ہیں۔ آپ ایسے رنگوں پر گوٹے کا کام بھی کرواسکتے ہیں۔