کراچی :آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے مارکیٹوں میں کیمپوں کے قیام کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کو منفرد، انوکھا اور بے مثال تجربہ قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی پی ٹریفک، لائسنسنگ اینڈ ٹریننگ سندھ منیر احمد شیخ کے اس مستحسن اور قابل تعریف اقدام کو بیحد سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لائسنس کے حصول کو جس قدر آسان بنایا جائیگا اسکے اتنے ہی مثبت نتائج حاصل ہونگے۔
انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے عوام اور تاجروں کیلئے لرننگ لائسنس کے حصول اور پرانے لائسنس کی تجدید میں بیحد سہولت پیدا ہوگئی ہے، اب تک تقریباً 12 مارکیٹوں میں لگائے گئے کیمپوں میں 10ہزار سے زائد افراد اس سہولت سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں، ڈی آئی جی پی ٹریفک نے یقین دلایا ہے کہ اگلے چند روز میں عوام کو یہ سہولتیں آن لائن بھی حاصل ہونگی۔
عتیق میر نے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ کیمپوں میں عوام اورتاجروں نے بیحد جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے جس کا اندازہ لائسنس کے حصول کے خواہشمند افراد کا رش اور طویل قطاریں دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ روائتی طریقوں سے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول وقت طلب اور دشوار ہونے کے سبب عوام کی دلچسپی کم ہوچکی تھی۔
عوام اور تاجروں کی اکثریت کیلئے ذاتی مصروفیات کے سبب لائسنس برانچ تک پہنچنے میں بھی مشکلات تھیں یہی وجہ ہے کہ بیشتر افراد لائسنس کے بغیر ہی ڈرائیونگ کرنے پر مجبور تھے، انھوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد عوام اور تاجر مطمئن اور مسرور نظر آتے ہیں، بغیر لائسنس ڈرائیونگ ناقابل معافی جرم اور قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، موجودہ سہولت سے بیشتر مقامات پر لائسنس چیکنگ کی دشواریوں اور جرمانوں سے بچا جاسکے گا۔
مزید پڑھیں:عبدالرشیدسائٹ ایسوسی ایشن کے صدر، سعود محمودسینئر نائب صدر، کامران عربی نائب صدرمنتخب