ٹوکیو اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ طالب پاکستان پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی ہے اور اپنے ویٹ لفٹنگ کے سفر سے متعلق کچھ باتیں بتائیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو اور پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ طالب پاکستان پہنچ گئے۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ طالب نے کہا کہ میں اپنی کامیابی قوم کے نام کرتا ہوں، خوشی ہے کہ قومی پرچم بلند ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے کہا کہ قوم کی دُعا کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں۔ حکومت سپورٹ کرے تو خامیوں پر قابو پا کر قوم کیلئے میڈل جیت سکتا ہوں۔
ویٹ لفٹنگ کے آئندہ کے پروگرامز کے بارے میں قومی ہیرو طلحہ طالب نے کہا کہ رواں برس اکتوبر کے دوران کامن ویلتھ گیم اور پھر ورلڈ چیمپین شپ ہوگی۔ اگر حکومت کا ساتھ ملا تو دونوں ایونٹس میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل جاپان میں ٹوکیو اولمپکس کے دوران میزبان ملک کے ایتھلیٹ چھائے رہے اورمزید 4 ٹائٹل جیت کر طلائی تمغوں کی تعداد 5 کرلی، پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے شاندار مقابلہ کرکے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔
اس دوران چین نے 4 روز قبل تک مجموعی طور پر 6 گولڈ، ایک سلور اور 4 برانز لیکر میڈلز ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، امریکا نے 4 گولڈ، 2 سلور اور 4 برانز میڈلز لیکر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا، جنوبی کوریا نے 2 طلائی اور 3 کانسی کے میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
مزید پڑھیں: پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ نے شاندار مقابلہ کرکے پاکستانیوں کے دل جیت لئے