وزارتِ ہوا بازی کی ویب سائٹ 2 سائبر حملوں کے باعث غیر فعال ہوگئی، ویب سائٹ ہیک ہونے کے باعث ویب پیجز پر غیر ملکی زبان میں پیغام سامنے آتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق چند گھنٹوں میں وزارتِ ہوا بازی کی ویب سائٹ پر 2 سائبر حملے ہوئے۔ پہلے حملے کے بعد ویب سائٹ بحال کردی گئی تھی تاہم دوسری بار ہیکرز نے ایک بار پھر ویب سائٹ کو ہیک کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزارتِ ہوا بازی کے آئی ٹی ماہرین نے پہلے سائبر حملے کے بعد ہی ویب سائٹ کو بحال کیا تاہم دوسرے سائبر حملے کے بعد سے ویب سائٹ غیرفعال اور ڈیٹا غائب ہوگیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اسرائیل کے اتحادی بن گئے
حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ بحال کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ چند سال قبل بھی بھارتی ہیکرز نے وزارتِ دفاع، کابینہ ڈویژن اور مختلف وزارتوں کی ویب سائٹس ہیک کرلی تھیں جس پر آئی ٹی ماہرین نے تمام تر وزارتوں کی ویب سائٹس بحال کردی تھیں۔
ویب سائٹ ہیک کیسے ہوتی ہے؟
کسی بھی ویب سائٹ کا کنٹرول پینل دو طرح سے ہیک کیا جاسکتا ہے جس میں اس ویب سائٹ کا سی ایم ایس اور ہوسٹنگ اینڈ پر دیا گیا کنٹرول پینل شامل ہیں اور یہ دونوں ہی کنٹرول پینل یوزرنیم اور پاس ورڈ کے ذریعے کنٹرول ہوتے ہیں۔
ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل کے ذریعے ویب سائٹ کے ڈیٹا کو آرگنائز کیا جاسکتا ہے، اسے مکمل طور پر ڈیلیٹ یا تبدیل کیاجاسکتا ہے۔ ویب سائٹ کے ڈیٹا کو بڑھایا اور کمپریس بھی کیاجاسکتا ہے اور ڈومین نیم کے علاوہ ڈیٹا بیس بھی کنٹرول کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب سی ایم ایس جس میں ورڈ پریس، جوملا، ڈروپل اور سمپل مشینز فورم جیسے سافٹ وئیر شامل ہیں، ان کے کنٹرول پینل کے ذریعے ویب سائٹ مکمل طور پر تبدیل بھی کی جاسکتی ہے اور اپنی مرضی کا ڈیٹا بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ سی ایم ایس تبدیل کرنے کیلئے ہوسٹنگ کا کنٹرول پینل ضروری ہوتا ہے۔
ہیکرز کسی بھی کمپیوٹر کے سکیورٹی سسٹم کو توڑ کر اس کی معلومات چوری کرتے ہیں جس سے یوزر نیم اور پاس ورڈ تک رسائی آسان ہوجاتی ہے۔ کی بورڈ لاگنگ اور پاس ورڈ کریکنگ کے ذریعے بھی یوزر نیم اور پاس ورڈ تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔