کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ہو سکتی ہے، جو سنگل ڈیجٹ تک گرنے کا امکان ہے۔ یہ سردی کی لہر 17 جنوری تک جاری رہ سکتی ہے اور اس دوران شہر میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
گزشتہ رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 10اعشاریہ5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ایشوریا اور ابھیشیک کی باتھ ٹب میں خوشگوار نجی لمحات کی تصاویر وائرل
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور شمال مشرقی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ملک کے دیگر حصوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے وقت دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شمال مغربی بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
منگل کے روز لیہ ملک کا سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔