اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس اور لاک ڈاون کے دوران وائرس سے کمزور طبقہ زیادہ خطرے میں ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ ٹیکس ریفنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ امید کرتے ہیں عالمی وباء پر جلد قابو پا لیں گے۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت مزدور طبقے کا تحفظ چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مزدور بے روزگار نہ ہوں جبکہ لاک ڈاؤن میں 2 ہفتے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ قوم کو چاہئے کہ کمزور طبقے کا خیال رکھے اور انہیں بھی اپنے ساتھ لے کر چلے۔
غریب عوام کی مدد کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مدد کریں گے تاکہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران خود کو بے یارومددگار نہ سمجھیں جبکہ کاروباری برادری کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مزدور طبقے کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کرچکے ہیں۔ ہر روز کورونا وائرس کے اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کے پھیلنے کی رفتار کم ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف عوام کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اجتماعات کی طرف عوام کو بالکل نہیں جانا چاہئے۔ تعمیراتی انڈسٹری کے لیے کل پیکیج کا اعلان کروں گا۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اِس انڈسٹری کو مکمل طور پر کھول دیا جائے۔
صنعتکاروں کے لیے حکومت کی طرف سے مثبت پیغام دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کاروباری برادری اِس مشکل کے وقت حکومت کی مشکلات کو سمجھے۔ ہم صنعتوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس کے لیے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔