اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے وفاقی بجٹ کو یکسر مسترد کردیا اور حکومت کیخلاف ہر محاذ پر لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں بجٹ کو مسترد کرتی ہیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف کردیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کل حکومت نے پٹرولیم لیوی کا غیرقانونی نوٹی فیکشن جاری کیا اور بجٹ پاس ہونے سے پہلے ہی پٹرول کی قیمت سے زیادہ ٹیکس لگا دیا گیا اور بھوک سے مر رہے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اور عوام مسائل سے لڑنے کے لئے پی ٹی آئی کی حکومت میں صلاحیت موجود نہیں، یہ قوم کی بقا ء کا مسئلہ ہے، اس لیے اپوزیشن کا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف بیمار ہونے کے باوجود عمران خان کا پسینہ نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کورونا وباء کے دوران عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت ملک کو نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے کیونکہ یہی اب عوامی مشکلات کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی طریقہ یہی ہے کہ نیا مینڈیٹ حاصل کیا جائے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ بزدل حکمران اپنی انا کی تسکین کے لئے اداروں کو استعمال کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو رخصت کرنے کیلئے آئینی آپشن استعمال کریں گے، موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے کہ حکومت کے اتحادی ان کو چھوڑتے جارہے ہیں اور اب حکومت کا آخری وقت چل رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بجٹ کے خلاف ہر محاذ پر لڑیں گے کیونکہ یہ عوام کی بقاء کا مسئلہ ہے، متحدہ اپوزیشن بجٹ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائے گی۔ عمران خان جتنی دیر عہدے پر رہے گا، اتنی ہی تباہی کا باعث بنے گا، عمران خان سے چھٹکارے سے پاکستان کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اکرم خان درانی نے کہا کہ عمران خان نے غریب عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں، اس بجٹ کے بعد مہنگائی مزید بڑھ جائے گی، انہوں نے کہا کہ میڈیا ہمارا ساتھ دے، ہم اس حکومت سے چھٹکارا جلدی حاصل کریں گے۔