راولپنڈی: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جب چین میں پھیلا تو ہم نے اس کے خلاف 15 جنوری سے ہی تیاری شروع کردی جبکہ حکومت حالات کے لیے تیار تھی۔
آج راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ طبی عملہ وائرس کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی قوم طبی عملے، ڈاکٹرز اور نرسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد ہمیں اندازہ ہوگیا تھا کہ پاکستان کو بھی وائرس سے خطرات لاحق ہیں۔ حکومت نے عوام کو مہلک وائرس سے بچانے کیلئے کام شروع کردیا تھا۔
کورونا وائرس کے خلاف مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا بھر میں وائرس کے خلاف کام آنے والے طبی سامان کی طلب بڑھنے کی وجہ سے اس کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں تاہم چین نے ہمارا بہت ساتھ دیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم سارا طبی سامان چین سے منگوا رہے ہیں۔ ملک بھر میں یہ سامان پہنچنے میں 4 سے 5 دن لگیں گے۔ وائرس کی شدّت وقت گزرنے کے ساتھ بڑھنے کی توقع ہے تاہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کتنا نقصان ہوگا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خلاف قائم کردہ ریلیف فنڈ میں مستحقین کی مدد کیلئے چندہ دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کووِڈ 19 (کورونا وائرس) وبا سے ریلیف کا فنڈ قائم کردیا گیا ہے تاکہ عوام اِس وباء سے مقابلے کے لیے حکومت کی مدد کرسکیں۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم کی عوام سے کورونا ریلیف فنڈ میں چندہ دینے کی اپیل